چھوٹے قد سے پریشان کوہلی کی انوکھی حرکت

October 10, 2018

بھارتی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی ایک تقریب کے دوران اپنے چھوٹے قد سے اس قدر پریشان نظر آئے کہ دراز قد بھارتی ٹینس اسٹار کرمن کور کے برابر آنے کیلئے اسٹیج پر رکھی لکڑی کی چوکی پر چڑھ گئے۔

کوہلی اپنے کھیل کے علاوہ دیگر سوشل سرگرمیوںکی وجہ سے ان دنوں کافی سرخیوں میں رہتے ہیں اور حال ہی میں ایک معروف گھڑی ساز کمپنی کی جانب سے رسٹ واچ کی تشہیری مہم کے سلسلے میں منعقدہ پروگرام میں اپنا قد بڑھانے کی خاطر کی جانے والی حرکت کی وجہ سے سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنے ہوئے ہیں۔

5فٹ 9 انچ کے بھارتی ٹیم کے 29 سالہ کپتان وراٹ کوہلی پروگرام کے دوران 5فٹ 11 انچ کی 20 سالہ بھارتی ٹینس اسٹار کرمن کور تھانڈی کے برابر اپنا قدکرنے کیلئے اسٹیج پر رکھی لکڑی کی چوکی پر چڑھ گئے اور فوٹو سیشن کروایا۔

اس موقع پر اسٹیج پر کوہلی اور کرمن کے علاوہ دیگر اسپورٹس اسٹارز ستنام سنگھ ، عادل بیدی ، شیوانی کٹاریا ، سچکا کمار انگلے ، پنکی رانی اور منوج کمار بھی موجود تھے۔

کوہلی اپنی اس حرکت پر فوٹو سیشن کے دوران خود بھی مسکرا تے ہوئے نظر آئے ،جبکہ وہاںموجود دیگر لوگ بھی بھارتی ٹیم کے کپتان کی اس حرکت پر اپنی ہنسی قابو میں نہ کرسکے۔