کراچی سمیت ملک بھرکے تعلیمی ادارے کل بند رہیں گے

November 01, 2018

ملک کی موجودہ صورت حال اور دھرنوں کے پیش نظر کل تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ جامعات میں ہونے والے پیپرز بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں ۔

چیرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے مطابق کل کراچی میں تمام پرائیویٹ اسکولز بند رہیں گے ۔

این ای ڈی یونیورسٹی کے رجسٹرار کے مطابق یونیورسٹی میں کل ہونے والے ماسٹراورپی ایچ ڈی کیلئےتحریری ٹیسٹ بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں ، آئی بی اے کے تحت جاب پورٹل کی کل ہونے والی تقریب ملتوی کردی گئی ہے۔

ترجمان حکومت پنجاب کے مطابق پنجاب کے تمام ثانوی تعلیمی بورڈز کے انٹر کے 2 اور 3 نومبر کے سپلیمنٹری پیپرز ملتوی کردیے گئے ہیں، ملتوی کیےگئے پیپرز کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

سوات یونیورسٹی میں بھی کل ہونے والے پرچے ملتوی کردیے گئے ہیں ، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

آزاد کشمیر بھر میں سرکاری اسکولز میں جمعہ کو عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جامعہ کشمیر، نجی اسکولز اور کالجز بھی کل بندہوں گے۔