سعودی عرب: پاکستانی سفارتخانے کی کوششوں سے تنخواہ کا مسئلہ حل

November 13, 2018

پاکستانی سفارت خانے کی کوششوں سے سعودی عرب میں ہم وطنوں کی تنخواہ کا مسئلہ حل ہوگیا۔

سعودی عرب میں درجنوں کمپنیاں اقتصادی مسائل سے دوچار ہیں،سینکڑوں پاکستانی ورکرز کو گزشتہ 10ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں تاہم پاکستانی سفارت خانے کی کوششوں سے مسئلہ حل کر لیا گیا۔

آرامکو کے بڑے تعمیراتی منصوبے پر کام کرنے والے پاکستان، بھارت، بنگلا دیش، فلپائن اور دیگر ممالک کے ہزاروں ورکرز نے احتجاجاً کام بند کردیا تھا۔

سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کمیونٹی و لیبر اتاشی محمود لطیف کو اپنی ٹیم کے ساتھ کیمپس کے دورے کی ہدایت کی، جن میں 2600 پاکستانی مشکلات سے دوچار تھے۔

ویلفیئر اتاشی محمود لطیف نے بتایا ہے کہ کمپنی مینجمنٹ اور مقامی وزارت محنت آفیسروں سے ملاقات کے بعد مسئلہ حل کرلیا گیا ہے، اب پاکستانی محنت کش معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

مالکان کی جانب سے وقت پر تنخواہوں کی ادائیگی بھی شروع ہوگئی ہے، اس اقدام پر کمپنی مینجمنٹ نے سفارت خانہ پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔