نجم سیٹھی کا احسان مانی کو ایک اور نوٹس

November 16, 2018

پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ چیئرمین احسان مانی اور سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے درمیان قانونی جنگ میں شدت آگئی ہے، نجم سیٹھی نے احسان مانی کو ایک اور نوٹس بھیج دیا، جس میں غلط اعدادوشمار جاری کرنے پر معافی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پی سی بی نے چند دن قبل سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے لیگل نوٹس کے جواب میں پریس ریلیز کے ذریعے اعداد و شمار جاری کیے تھے، جس پر جمعہ کو پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک اور لیگل نوٹس بھیج دیا ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ میرے قانونی نوٹس کے جواب میں پی سی بی نے غلط اعداد وشمار بتائے۔ پاکستان سپر لیگ میں مجھے جاری کیے گئے چیک کی معلومات بھی درست نہیں ہیں۔

سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ جواب سے مطمئن نہیں ہیں، احسان مانی کردار کشی کرنے پر مجھ سے معافی مانگیں۔