کراچی میں کچرے کے ساتھ اسموگ بھی شامل ہوگیا، زرتاج گل

November 16, 2018

وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے کراچی دنیا کے 10 آلودہ ترین شہروں میں شامل ہوچکا ہے،کراچی میں کچرے کے ساتھ اسموگ بھی شامل ہوگیا ہے۔

وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل

وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لاہور اسموگ سے سب سے زیادہ متاثر ہے،دہلی کی اسموگ کے باعث لاہور سمیت جنوبی علاقے متاثر ہو رہے ہیں،بھارت کے ساتھ بات چیت میں اسموگ کا مسئلہ بھی لانا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں بھٹوں پر 30 دسمبر تک پابندی عائد کی ہے، فصلیں جلانے والوں پر مقدمات قائم کیے گئے ہیں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر اب تک 50 لاکھ جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے۔

خیبرپختونخوا کے شہید ایس پی طاہر داوڑ سے متعلق زرتاج گل کا کہنا تھا کہ طاہر داوڑ کے واقعہ کو سیاست کی نذر نہ کیا جائے، دو گھنٹے ہمارے وفد کو کھڑا رکھا گیا، افغانستان کی اس سیاست نے ہمارا دل دکھایا ہے۔

وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہم نے اپنا اچھا آفیسر کھو دیا ہے، اس واقعہ کو صرف اغوا اور قتل کے تناظرمیں نہ دیکھا جائے، یقین ہے کہ وزارت داخلہ اس کی تہہ تک پہنچ چکی ہوگی اور عوام کو آگاہ کرے گی۔