’لگتا ہے حکومت آئی ایم ایف کی شرائط مان رہی ہے‘

November 30, 2018

معاشی تجزیہ کاروں نے روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے پر کہا ہے کہ لگتا ہے حکومت آئی ایم ایف کی شرائط مان رہی ہے۔

معاشی تجزیہ کار محمد سہیل،سمیع اللہ طارق اور فرحان بخاری نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ بیماری کا علاج کرنے کے لئے کڑوری گولی کھانی پڑتی ہے۔

تجزیہ کاروں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آئندہ چند دنوں میں ڈالر کی قدر 145 سے 150 روپے تک رہنے کا امکان ہے۔

لیدر گارمنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق ڈالر کی قیمت بڑھنے سے لیدر کی صنعت کو فائدہ ہوگا۔

معاشی تجزیہ کار محمد سہیل نے کہا کہ ملک کی معیشت بیمار ہو تو اسے ٹیکے لگانا پڑتے ہیں، کڑوی گولیاں بھی کھانا پڑتی ہیں، حکومت کو ٹیکس نہ دینے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا تو عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔

معاشی تجزیہ کار سمیع اللہ طارق کہتے ہیں کہ طویل المعیاد اقدامات کرنا ہوں گے، ہمیں اپنی برآمدات کو بڑھانا ہوگا، معیشت کا درآمدارت پر انحصار کم کرنا ہوگا۔

معاشی تجزیہ کارفرحان بخاری کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت کا ٹیکس ڈھانچہ کمزور ہوچکا ہے، پرائز کنٹرول نظام ناپید ہوچکا ہے، ماضی میں حکومتوں نے تیل کی قیمتوں کو بڑھا کر معیشت کا خسارہ پُر کرنے کے لئے استعمال کیا۔

ممبر اقتصادی کونسل عابد سلہیری نے کہا کہ ڈالر کو مزید اوپر جانے کی ضرور نہیں پڑے گی، مارکیٹ رجحان کی وجہ سے ڈالر اوپر گیا، امکان ہے کہ ڈالر نیچے بھی آسکتا ہے۔