جج کو ہمیشہ میرٹ اور انصاف پر فیصلےکرنے چاہئیں ،جسٹس عبادالرحمٰن لودھی

December 16, 2018

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے زیراہتمام لاہور ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس عبادالرحمن لودھی کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں دیگر ججو ں کے علاوہ بار کے عہدیداروں نے تاریخی فیصلے دینے پر جسٹس عبادالرحمان لودھی کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر صاحب تقریب نے اپنے خطاب میں کہا کہ جج کو فیصلے ہمیشہ میرٹ اور انصاف پر کرنے چاہئیں تاکہ ملک میں عدل و انصاف کا نظام قائم ہو، انہوںنے کہا کہ جج کا بہت بڑا مقام ہوتا ہے میں نے بطور جج پوری دیانتداری سے کوشش کی کہ اپنے فیصلوں میں کسی سے زیادتی نہ ہو، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس چوہدری عبد العزیز نے کہا کہ جسٹس عبادالرحمان لودھی ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔جسٹس قاضی محمد امین نے کہا کہ کسی کے حق میں اپنی مرضی سے فیصلہ کرنا جج کے لئے ممکن نہیں ہوتا جج کیلئے خوف خدا ہونا بہت ضروری ہے ۔جسٹس صداقت علی خان نے کہا کہ جسٹس عباد الرحمن لودھی کی زندگی بحیثیت وکیل اس بار میں مشعل راہ ہے یہی وجہ ہے کہ بحیثیت جج ہائیکورٹ انکے فیصلے میرٹ اور ایمانداری پر مبنی ہیں۔بار کے صدر خرم مسعود کیانی نے کہا کہ اتنے مختصر عرصے میں جسٹس عبادالرحمان لودھی نے جو ریکارڈ فیصلے کئے وہ تاریخ کا حصہ رہیں گے۔ انہوںنے کہا کہ 28 دسمبر کو ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی بہت کمی محسوس ہوگی۔ سیکرٹری بار راجہ عامر محمود نے کہا کہ جسٹس عباد الرحمن لودھی کا نام نڈر، بہادر اور ایماندار ججز کی فہرست میں لکھا جائے گا راولپنڈی بار ان پر فخر محسوس کرتی ہے۔