لاہور: نولکھا میں تشدد سے ایک شخص جاں بحق

December 27, 2018

لاہور کے علاقے نولکھا میں واقع ایک دکان کے مالک اور اس کے دو ملازمین کے مبینہ تشدد سے 33 سالہ شخص وسیم جاں بحق ہو گیا۔

پولیس نے مقتول کے بھائی کی درخواست پر 3 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق نولکھا کے علاقے برانڈرتھ روڈ پر سلطان پورہ کا رہائشی وسیم ایک شخص اویس کی دکان پر کام کرتا تھا۔

25 دسمبر کو اویس نے اپنے دوملازمین ارسل اور امان کے ہمراہ وسیم کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی حالت غیر ہونے پر اسے اسپتال منتقل کر کے اس کے گھر والوں کی اطلاع دی۔

ایف آئی آر کے مطابق طبی امداد کے بعد وسیم کو گھر لایا جا رہا تھا کہ اس کی طبیعت پھر بگڑ گئی، اسے واپس اسپتال لایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوا۔

پولیس نے مقتول کی لاش ڈیڈ ہاؤس منتقل کر کے مقدمہ درج کر لیا، ہے پولیس کے مطابق تاحال کوئی ملزم گرفتا رنہیں ہو سکا ہے۔