دھوپ مہتاب کی چادر میں چھنی ہو جیسے....

January 20, 2019

تحریر : عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل:نِساء جبیں

شالز: بنجارا کرافٹس

آرایش:ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی: عالیہ نثار

لے آؤٹ: نوید رشید

گلابی جاڑوں میں موجِ ہوا کچھ اور بھی نشیلی اور رومانی سی ہوجاتی ہے اور ایسے میں اگر میٹھی سُنہری دھوپ بھی پھیلی ہو، تو نہ صرف اس کی تمازت بھلی لگتی ہے، بلکہ ہر بام و دَر، ہر راہ گزر بھی نئی نئی، نکھری نکھری سی لگنے لگتی ہے۔اِن دِنوں موسم کچھ ایسا ہی عاشقانہ ہے، تو ہم نے بھی اِسی نشیلی، البیلی رُت کی مناسبت سے اپنی بزم کچھ دِل کش، حسین و دیدہ زیب اور نرم و گرم شالز سے مرصّع کردی ہے۔

ذرا دیکھیے تو بلیو رنگ جینز اور فون رنگ شرٹ کے ساتھ سیاہ رنگ کی ایمبرائڈرڈ شال کس قدر دیدہ زیب لگ رہی ہے۔ شال کے درمیان میں طلائی رنگ پتیوں اور گُلوں کا جال ہے، تو بارڈر کا اسٹائل بھی خُوب ہے۔پھر اسی پیراہن پر رائل بلیو رنگ شال بھی کچھ کم حسین نہیں لگ رہی۔ اسی طرح نیوی بلیو رنگ اسٹائلش شالز کی دِل کشی و رعنائی پورے جوبن پر ہے، تو آف وائٹ ایمبوزڈ پرنٹڈ شال کی نفاست کے بھی کیا ہی کہنے۔ جب کہ اسی انداز میں فیروزی رنگ شال کی دِل آویزی بھی کمال ہے۔

تو کہیے کیسا لگا،بھیگے بھیگےموسم میں، تمازت کا احساس لیے ان دیدہ زیب شالز کا انتخاب۔ ان میں سے کوئی بھی رنگ و انداز منتخب کرلیں،ہر ایک سے اپنے اعلیٰ ذوق کی داد پائیں گی۔