سرفراز نے سوری کہا ہم نے معاف کردیا، ڈوپلیسی

January 24, 2019

پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی جانب سے نسلی تعصب پر مبنی ریمارکس پر معذرت کے بعد جنوبی افریقی ٹیم نے اُنہیں معاف کردیا ہے۔

جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ سرفراز نے معافی مانگ لی جس کو ٹیم نے قبول کرلیا ہے، لیکن معاملہ اب آئی سی سی کے پاس ہے۔

جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ ’’جب آپ جنوبی افریقا آتے ہیں ، نسلی تبصرہ کرتے ہوئے آپ کو بہت محتاط رہنا ہوتا ہے، مجھے یقین ہے کہ اُن کا یہ مطلب نہیں ہوگالیکن انہوں نے ذمہ داری قبول کی ہے اب ہمیں دیکھنا ہوگا کہ اس معاملے کا نتیجہ سامنے آتا ہے‘‘

انہوں نے کہا کہ یہ ایسی چیز نہیں ہے جسے بحیثیت ٹیم ہلکا لیا جائے، لیکن یہ حقیقت ہے کہ اُنہوں نے معذرت کرلی، جس کا صاف مطلب ہے کہ اُس جانب پچھتاوا ہے۔

دوسری میچ ریفری رنجن مدوگالے نے سرفراز کے معاملہ پر اپنی رپورٹ پیش کردی ہے اور آئی سی سی اس رپورٹ کا تجزیہ کر رہا ہے۔

قوانین کے مطابق رپورٹ کے بعد اب آئی سی سی کا لیگل ڈپارٹمنٹ اس بات کا تعین کرے گا کہ کیس بنتا ہے یا نہیں۔