یورپی یونین پابندیوں کی خلاف ورزی سے باز رہے، امریکہ کا انتباہ

February 15, 2019

برلن (آئی این پی ) جرمنی میں تعینات امریکی سفیر نے یورپی یونین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف عائد امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی سے باز رہے۔ جرمن اخبار سے بات چیت میں جرمنی کیلئے امریکی سفیر رچرڈ گرینل نے کہا کہ ایران کے ساتھ یورپی تجارت کیلئے یورپی یونین کا متعارف کردہ نظام امریکی پالیسیوں کے عدم تکریم کے زمرے میں آتا ہے۔ امریکی سفیر رچرڈ گرینل نے کہا کہ امریکہ اور یورپی یونین کے ایران کے حوالے سے اہداف تو ایک ہیں، تاہم ان اہداف کے حصول کے لیے طریقہ ہائے کار میں اختلافات ہیں۔ امریکہ ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کے طے کردہ جوہری معاہدے سے نکل چکا ہے اور واشنگٹن حکومت ایران کے خلاف ایک بار پھر سخت ترین پابندیاں نافذ کر چکی ہے۔