’’بھارت سے تعلقات میں بگاڑ نہیں امن چاہتے ہیں‘‘

February 16, 2019

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت سے تعلقات میں بگاڑ نہیں امن چاہتے ہیں۔

میونخ میں وزیر خاجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 5 عالمی طاقتوں کے نمائندوں کو دفتر خارجہ میں آگاہ کر دیا تھا کہ بھارتی الیکشن سے پہلے کچھ نہ کچھ ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم کا ردعمل نہیں ہو گا، ہمیں خدشہ تھا کہ توجہ ہٹانے کے لیے ایسے واقعات ہوسکتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ مودی روایتی سیاستدان کی طرح اگلے الیکشن پر نظر رکھ کر ردعمل دے سکتے ہیں، ان کو چاہیے خطے کے امن اور بہتری کی بات کریں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کے پاس پلوامہ واقعے سے متعلق شواہد ہیں تو فراہم کرے، تحقیقات کریں گے اور مکمل تعاون کریں گے۔