ریشم... شوخ و چنچل اداکارہ

February 24, 2019

ایسا لگتاہے کہ ریشم اپنے نام کی طرح ریشم جیسی ہی ہیںاور زمانے کی گرد اِن کی عمر پر نہیںپڑ رہی۔ وہ آج بھی ٹیلی ویژن تروتازہ اور نکھری نکھری دکھائی دیتی ہیں۔ ریشم نے شوبز انڈسٹری میںکافی وقت گزاراہے اور بہت سی کامیاب فلموں جیسے کہ گھونگٹ، سنگم، دوپٹہ جل رہاہے، انتہا اور جیوا میں کام کیا ہے۔ اس کے علاوہ انھوں نے کئی یاد گار ڈراموں میںبھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

ابتدائی حالات

ریشم فیصل آباد میں22 اکتوبر1978ء کو پیدا ہوئیں،ان کا اصل نام صائمہ ہے۔ معروف اداکارہ کہتی ہیں کہ انہوںنے اسٹیج پر کام کرنے کیلئے ’ریشم‘ نام اپنا یا کیونکہ اس وقت صائمہ کے نام والی بہت سی اداکارائیں کام کررہی تھیں۔ یہی وجہ ہے کہ اپنے کیریئر کیلئے انہیں ایک منفردنام منتخب کرنا پڑا۔ ریشم نے ابتدائی تعلیم لاہو ر میں حاصل کی۔ وہ جب سات سال کی تھیں تو ان کی والدہ کا انتقال ہو گیا، پھر ریشم کی پرورش ان کی بڑی بہن نے کی۔

فنی کیریئر

ریشم کی پہلی فلم ’’جیوا ‘‘ تھی، جو 1995ء میںریلیز ہوئی ، تاہم اس سے قبل وہ ڈراموں میںچھوٹے موٹے کردار ادا کرچکی تھیں۔ جیوا کے بعد وہ بہت سی فلموںمیں مرکزی اور ثانوی کردار ادا کرتی رہیں لیکن جب لالی ووڈ انڈسٹری تنزلی کا شکا ر ہوئی تو انھوں نے فلموں میں آنا کم کردیا اور ڈراموں میں اداکاری کو ترجیح دی۔2012ء میں ریشم نے فرانس میںمشرقی ملبوسات کا بوتیک بھی کھولا تھا۔

نور بی بی کا کردار

ریشم آج کل جیو ٹی وی پر پولیٹیکل تھرلر ڈرامہ ’نور بی بی ‘ میںمرکزی کردار ادا کررہی ہیں، جس میں وہ سیاست کے پیچ و خم سلجھانے میںمصروف نظر آتی ہیں۔ اس ضمن میںریشم کا کہنا ہے،’’ڈرامے میں میرے سراپے کو دیکھ کر بہت سے لوگ سوال کرتے ہیں، میںایک پیرنی کا کردار نبھا رہی ہوں۔ میںاس کردار کے بارے میںکھل کر کچھ نہیں بتا سکتی لیکن یہ ایک منفی کردار ہے اور مجھے اس کو کرنے کیلئے بہت محنت کرنی پڑی، تاہم اسے نبھانے میںمجھے مزہ آیا۔ یہ ایک پیچیدہ کہانی ہے، آپ جب ڈرامہ دیکھیںگے تو خود ہی آپ کو اس بات پر یقین آجائے گا‘‘۔

اس ڈرامے میںریشم کو عبایا پہنے دکھایا گیا ہے، جو اس بات کی ترجمانی بھی کرتا ہے کہ پاکستان میںلاکھوںخواتین عبایا پہنتی اور حجاب میںہوتی ہیں۔

ریشم مزید کہتی ہیں، ’’ہمارے ہاں بیشتر روحانی لیڈر اپنے ماننے والوں کی غلط رہنمائی کرتے ہیں۔ ان کے معتقدین ان پر اندھا اعتماد کرتے ہیں اور پھر انہیں اس کے نتائج بھگتنے پڑتے ہیں۔ جیوکہانی پر میری آخری ڈرامہ سیریل ’ناگن ‘ میں، میںنے ایک سپیرن ’سجنا‘ کا کردار ادا کیا تھا۔ حالانکہ وہ منفی کردار تھا لیکن گلیمر سے بھرپور تھا۔ نور بی بی کے کردار میں مجھے شدید گرمی میں بھی اسکارف اور عبایا پہن کرکام کرنا پڑا‘‘۔

’ناگن‘ اور ’نوربی بی‘ کے دونوںکردار منفی ہیں لیکن ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ ریشم پہلی بار منفی کردار ادانہیںکررہیں لیکن اس کردار میں ان کی اداکاری کی پختگی دیکھی جاسکتی ہے۔

ریشم کا کہنا ہے،’’ میںہمیشہ مختلف کردار ادا کرنا چاہتی ہوں، جو چیلنجنگ ہوں اور میرے لیے اس میں کام کرنے کیلئے کچھ بہترین ہو۔ میرا ماننا ہے کہ ایک اداکار کا یہ کام ہے کہ وہ اپنے کردار کو قابل یقین بنائے اور ناظرین اس کردار سے مانوس نظر آئیں۔ میں چاہتی ہوںکہ لوگ میرے کردار کو دیکھیںکہ میںکیا بنی ہوں، بجائے اس کے کہ ا س کردار میںریشم کو دیکھیں ‘‘۔

سماجی خدمات

2010ء میں سیلاب سے متاثر ہ علاقوںمیں ریشم نے اشیاء خوردو نوش کا ایک ٹرک رحیم یار خان اور دوسرا کوٹ ادّو بھیجا ۔ ریشم کا کہنا تھا، ’’ایک انسان ہونے کے ناطے میں نے محسوس کیا کہ میر ی بھی کچھ ذمہ داریاںہیں کہ لوگوںکے کام آئوں اور دوسروں کو مدد کرنے کا کہنے کے بجائے اپنے طورپر یہ کام کروں‘‘۔