کون لایا ہے، ہواؤں کی معطر پالکی....

March 17, 2019

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی ماڈل: رضوانہ جاوید

ملبوسات: فِٹ وئیر برائیڈلز بائے عمران

آرایش: (قراۃ العین) SALEEK BY AINNIE

عکّاسی: ایم کاشف لے آؤٹ: نوید رشید

بابل کے آنگن سے وداع ہو کر جب راج دُلاریاں پیا دیس سدھارتی ہیں، تو جہاں یہ سوچ کر دِل بَھر آتا ہے کہ وہ گھر جس میں بچپن گزرا، اب ’’میکہ‘‘ کہلائے گا، وہیں آنکھوں کی جھالروں پر سَت رنگے سپنے بھی چہلیں کرنے لگتے ہیں اور مَن آپ ہی آپ خُوب سجنے، بننے سنورنے کو مچل مچل جاتا ہے۔ ایک تو نئی نئی شادی پھر عزیز و اقارب کی جانب سے نوبیاہتا جوڑے کی دعوتوں کا سلسلہ، ایسے میں دِل کش پیراہنوں کے ساتھ غازے، لالی، گجرے، کجرے، منہدی، خوشبو اور زیورات سے خُوب آراستہ و پیراستہ دلہن رانی کا اِک اِک روپ، انداز دیکھنے والا ہوتا ہے۔

ہماری آج کی بزم بھی نئی نویلی دلہنوں کے ایسے ہی حسین، سحر آفرین اور جاذبِ نظر کام دار ملبوسات سے مرصّع ہے۔ ذرا دیکھیے تو، جارجٹ فیبرک میں سُرخ رنگ شرارے کے ساتھ سلمے، دبکے اور گوٹا ورک سے مزیّن کُرتی اسٹائل قمیص کا انداز کیسا پیارا لگ رہا ہے۔ شرارے کے گھیر پر سہہ رنگی بنارسی پٹّی کے ساتھ کہیں کہیں نگوں کی آرایش ہے، تو کنٹراسٹ میں پیازی رنگ قمیص کے دامن کی ویلوٹ پٹّی پر گوٹا ورک بھی نمایاں ہے۔ ڈَل گولڈن رنگ میں ٹرائوزر کے ساتھ کام دار ٹیل فراک کا جلوہ ہے، تو ایسے ہی ٹرائوزر کے ساتھ ڈَل کاپر گولڈن رنگ کے فراک پر زری کے ساتھ کوائنز ورک کا جال ہے۔ جب کہ سِلک ساٹن فیبرک میں لائٹ، پیچ رنگ ٹرائوزر، شلوار اور گھیردار ایمبریلا فراک کا انتہائی نفیس اور بھرا بھرا کام تو بہت ہی بھلا معلوم ہو رہا ہے۔

ہمارے انتخاب میں سے کوئی بھی رنگ و انداز اپنا کر کسی بھی تقریب میں شرکت کریں گی، تو ہر دِل سے بے اختیار یہی آواز آئے گی؟ ’’کون لایا ہے، ہواؤں کی معطّر پالکی…‘‘۔