کراچی:غیرملکی کرنسی اسمگل کرنے والا گروہ گرفتار

March 27, 2019

کراچی سے غیر ملکی کرنسی اسمگل کرنے والا گینگ پکڑا گیا ، گرفتار ہونے والوں میں ایک لوڈر بھی شامل ہے ۔ پاکستان کسٹمز اور اے ایس ایف نے مشترکہ کارروائی میں لوڈر کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کے درہم ، ڈالراور سعودی ریال برآمد کرلیے ۔ ملزم کی نشاندہی پر ڈیپارچر لاونج کے باہر سے ایک اورملزم کو بھی حراست میں لے لیا گیا ۔

پاکستان کسٹمز اور اے ایس ایف نے جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ کراچی پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک لوڈرکو گرفتارکرلیا، ملزم کے قبضے سے درہم، امریکن ڈالراور سعودی ریال برآمد ہوئے ہیں۔

دوسری جانب اینٹی نارکوٹکس فورس نے 2 مختلف کارروائیوں میں 2 ملزمان کو گرفتارکرکےکروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔پاکستان کسٹمز اور اے ایس ایف نے جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے رائل ائرپورٹ سروسز کے لوڈر شوکت علی کو گرفتار کرلیا۔

ملزم کے قبضے سے29 ہزار درہم، 7 ہزار 874 امریکن ڈالراور 27 ہزار 500 سعودی ریال برآمد کرلیے،ترجمان کسٹمزکے مطابق ملزم شوکت علی برآمدہونے والی کرنسی انٹرنیشنل آرائیول کے ذریعے انٹرنیشنل ڈیپاچر لیجانے کی کوشش کررہاتھا۔اس کی نشاندہی پرایک اورملزم عبدالصمد کو بھی ڈیپارچر لاونج کے باہر سے حراست میں لےلیاگیا۔ملزمان سے مزید تفیش جاری ہے۔

دوسری جانب اینٹی نارکوٹکس فورس نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرکارروائی کرتے ہوئے کراچی سے دمام جانے والے مسافر کے سامان سے تقریباًایک کلومنشیات برآمد کرلی،مسافرممتازعلی سے برآمد منشیات کی مالیت عالمی مارکیٹ میں ایک کروڑ30لاکھ روپے ہے، مسافر نے منشیات ناریل میں چھپائی ہوئی تھی۔دریں اثنا مجاہد کالونی ناظم آباد میں ہوٹل میں کی گئی دوسری کارروائی میں ایک ملزم کو گرفتار کرکے2کروڑ سے زائدمالیت کی 22 کلو حشیش برآمدکرلی گئی۔