کورنگی صنعتی ٹریٹمنٹ پلانٹ کے منصوبے میں کاٹی کی نمائندگی پراتفاق

April 02, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سیکریٹری صنعت و تجارت عبد الحلیم شیخ کو دورہ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے موقع پر کمبائن افلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ(سی ای ٹی پی) سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سیکریٹری صنعت و تجارت عبدالحلیم شیخ نے کورنگی صنعتی علاقے میں سی ای ٹی پی سے متعلق اجلاس میں شرکت کی جس میں کاٹی کے صدر دانش خان چیئرمین و سی ای او کائٹ لمیٹڈ زبیر چھایا، سینئر نائب صدر فراز الرحمن، ، نائب صدر ماہین سلمان، گلزار فیروز ،کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیات کے سربراہ سلیم الزماں، مسعود نقی اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر کاٹی کے عہدے داران اور ارکان کو سیکریٹری صنعت کی سربراہی میں آنے والے وفد میں شامل سی ای ٹی پی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور واٹر بورڈ کے نمائندگان نے منصوبے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ کاٹی کے صدر دانش خان اور دیگر ارکان نے صنعت کاروں کے تحفظات اور دیگر تفصیلات پر بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں تعمیر ہونے والے ٹریٹمنٹ پلانٹ منصوبے سے متعلق تمام مراحل میں کاٹی کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا۔