’’ویگن ڈائٹ‘‘ کیا ہے؟

April 05, 2019

جیسا کہ نام سے ہی ظاہرہے کہ ویگن ڈائٹ ان غذائوںپر مشتمل ہوگی، جن میںگوشت اور دودھ کی مصنوعات شامل نہ ہوں۔ دنیا بھر میںلوگ اس ڈائٹ کو اپنا رہے ہیں، جس کی بڑی وجہ مشہور شخصیات کی جانب سے اس ڈائٹ پلان پر عمل کرنا ہے۔ سبزی کھانے والوںکے لیے ویگن ڈائٹ پر عمل کرنا چنداں مشکل نہیں، اس کے برعکس گوشت سے شغف رکھنے والے افراد کے لیے اس ڈائٹ پلان کو اپنانا ذرا کٹھن ہوتا ہے۔ ہمارے ملک میں تقریباً ہر گھر میںروزانہ گوشت پکایا جاتا ہے، یہاں تک کہ ہم سبزی اور دال میںبھی گوشت شامل کرلیتے ہیں۔ تاہم اگر آپ کو ڈائٹ کا شوق ہے اورآپ بھی ان سیلیبرٹیزکی طرح سلم اور اسمارٹ نظر آناچاہتی ہیںتو ویگن ڈائٹ اپنانے میں کوئی مضائقہ نہیں۔تاوقتیکہ آپ اپنے ہدف کو پورا نہ کرلیںاور ایک بار آپ اپنا ہدف حاصل کرلیں تو پھر سے گوشت سے بنے کھانوں کے مزے اڑا سکتی ہیں۔

اس ڈائٹ کو فروغ دینے والوںکا کہنا ہے کہ اس پر عمل کرکے نہ صرف سلم اور اسمارٹ ہونے کا موقع ملتاہے بلکہ بلڈ شوگر کو معمول پر رکھنے میں بھی بہتری آتی ہے۔ اس ڈائٹ کا سب سے کمزور پہلو یہ ہے کہ گوشت نہ کھانے کی وجہ سے کچھ کیسز میں لوگوں میں غذائی کمی کی شکایت سامنے آسکتی ہیں کیونکہ گوشت سے پروٹین حاصل ہوتا ہے۔

ویگن ڈائٹ کیا ہے؟

اس ڈائٹ میں ہر قسم کے گوشت، انڈوں اور ڈیری مصنوعات سے پرہیز کرنا ہوتاہے اور ان کے متبادل اجناس، سبزیوں اور پھلوںکے ذریعے صحت کو بہتر بنایا جاتاہے۔ اس ضمن میںویگن ڈائٹ کی بھی چند اقسام ہیں، جو ذیل میں بتائی جارہی ہیں۔

بنا پکے کھانے

اس ڈائٹ میںآپ جو بھی کھائیں گی، اسے اُبال کر، مرچ مسالا لگا کر یا پھر کچا ہی کھائیں گی جیسےپھل، سبزیاں، دالیں، چنے، گری، خشک میوہ جات اور بیج۔

10/10/80ڈائٹ

اس ڈائٹ میں80فیصد کیلوریز کاربوہائیڈریٹس (پھلوں) جبکہ10، 10فیصد پودوں سے حاصل ہونے والے پروٹین اور فیٹ پر مشتمل ہوتی ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ یہ ڈائٹ زیادہ تر ان پھلوںپر مشتمل ہے، جن میں کم فیٹ ہوتاہے۔

نشاستے کے ساتھ

ایک کم فیٹ والی اور نشاستے پر مشتمل ڈائٹ بھی80/10/10ڈائٹ جیسی ہی ہے، بس اس میں نشاستہ والی غذائیں شامل ہو جاتی ہیںاور پھلوںکے بجائے اُبلے ہوئے آلو، چاول اور مکئی کا استعمال کیا جاتاہے ۔

کچی غذاپر انحصار

اس ڈائٹ میںآپ جو بھی کھا رہی ہیںوہ48ڈگری سینٹی گریڈ کے اند ر پکی ہوئی ہوں یعنی کم آنچ پر۔ باقی پھل اور بہت سی سبزیاںآپ کو کچی کھانی ہوں گی۔

چار بجے تک

ایک کم فیٹ والی ڈائٹ بھی 80/10/10 ڈائٹ کی طرحہو تی ہے لیکن یہ ڈائٹشام چار بجے تک ہوتی ہے۔ اس کےبعد آپ رات میںسبزی والی ڈش تناول فرما سکتی ہیں۔

جنک فوڈ ویگن ڈائٹ

جنک فوڈز میں گوشت کاا ستعمال کیا جاتاہے لیکن آپ جنک فوڈز سے گوشت اور پنیر ہٹا کر ان کے متبادل ویگن اشیا ڈال کر جنک فوڈز سے دل بہلا سکتی ہیں۔

ویگن ڈائٹ کے فوائد

ویگن ڈائٹ کے بہت سے فوائد ہیں لیکن اس کا سب سے بڑا فائدہ وزن میں کمی آنا ہے۔ ویگن ڈائٹ کرنے والی خواتین کا وزن یہ ڈائٹ نہ کرنے والی خواتین کے مقابلے میںکم ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ آپ خود کو ہلکا پھلکا محسوس کرتی ہیں، اپنے لائف اسٹائل سے لطف اٹھاتی ہیں اور صحت مندانہ سرگرمیوںمیں حصہ لیتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق ویگن ڈائٹ اپنانے والی خواتین کا بلڈ شوگر کنٹرول میںرہتا ہے اور ذیابطیس ٹائپ ٹو کا خطر ہ78فیصدتک کم ہوجاتا ہے۔ مشاہداتی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ ویگن ڈائٹ دل کے امراض کا خطرہ بھی75فیصد تک کم کرسکتی ہے۔ بلند فشار خون کی وجہ سے امراضِ قلب کے باعث اموات ہونے کا خطرہ بھی 42تک کم ہوجاتاہے۔

کچھ دیگر تحقیقات کے مطابق ویگن ڈائٹ سے فائدہ اٹھانے والے افراد میں کینسر ہونے کا خطرہ15فیصدکم ہوجاتاہے۔ آرتھرائٹس کے امراض جیسے کہ ہڈیوں میں درد، جوڑوںمیںسوجن اور صبح کے وقت جسم میںہو نے والی اکڑن میں بھی کمی آتی ہے۔ ذیابطیس کی وجہ سے گردوں کو ہونےو الی خرابی میںبھی کمی آسکتی ہے۔ تحقیق کے مطابق ویگن ڈائٹ پر عمل کرنے والے الزائمر جیسی بیماری کا بھی کم شکار ہوتے ہیں۔ ویگن ڈائٹ آپ کو ایک صحت مند زندگی دے گی۔