ادویات کی قیمتوں میں گزشتہ 40 سال میں سب سے زیادہ اضافہ

April 08, 2019

اسلام آباد (فخر درانی) پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی حکومت نے فارما سیوٹیکل کمپنیوں کو 45 ہزار ادویات کی قیمتیں 15 فیصد تک بڑھانے کی اجازت دے دی جبکہ جان بچانے والی 463 ادویات کی قیمتوں میں 200 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے جو کہ گزشتہ 40 سالوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہے۔ ڈرگ ریگو لٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے اضافے کی توجیح پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ سپریم کورٹ کے 14 نومبر 2018 کے فیصلے کے مطابق کیا گیا۔ ڈریپ نے دو مرحلوں میں قیمتیں بڑھانے کی منظوری دی جو اس کے دعوے کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی ہدایات کے مطابق ہیں۔ 31 دسمبر 2018 کو ڈریپ نے 889 ادویات کی پرائس ایڈجسٹمنٹ کا نوٹی فکیشن جاری کیا۔ ان میں سے 395 ادویات کی قیمتیں کم کردی گئیں جبکہ 463 جان بچانے والی ادویات کی قیمتیںان کی پیداوار کی لاگت اور فارمولا پرائسز کی بنیاد پر 200 فیصد تک بڑھا دی گئیں۔ اس کے علاوہ ڈریپ نے ڈالر کے ریٹ بڑھنے پر ان 463 ادویات کی قیمتیں مزید 9 فیصد بڑھانے کی بھی اجازت دے دی۔ اس کا مطلب ہے کہ ڈریپ نے 463 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دو مرتبہ ایک ہی وقت میں دی۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ اتنے بڑے اضافے کے بعد بھی چند کمپنیوں نے ڈرگ اتھارٹی کی اجازت کے بغیر غیر قانونی طور پر ان ادویات کی قیمتیں مزید 15 فیصد تک بڑھا دی ہیں۔ ڈریپ نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں 200 فیصد تک بڑھانے کیلئے ایک ایس آر او جاری کیا۔ ڈریپ نے دوسرا نوٹی فکیشن 10 جنوری 2019 کو روز مرہ کی ادویات کیلئے جاری کیا جس کے مطابق ریگولٹری باڈی کے ساتھ رجسٹرڈ تمام ادویات کی قیمتیں 15 فیصد تک بڑھانے کی اجازت دے دی گئی۔ ڈریپ کے ساتھ 65 ہزار ادویات رجسٹرڈ ہیں جن میں سے 45 ہزار ادویات پاکستانی بازار میں دستیاب ہیں۔ اگر چہ قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن تمام 45 ہزار ادویات کیلئے ہے تاہم 2 سے 3 ہزار ایسی ادویات ہوسکتی ہیں جن کی قیمتیں اب تک بڑھائی گئی ہیں۔ باقی ادویات کی قیمتیں غالباً پیداوار کی نئی کھیپ کے وقت بڑھائی جائیں گی۔ دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈریپ کے ڈائریکٹر پرائسنگ امان اللہ کا کہنا تھا کہ پرائسنگ میکانزم ترتیب دینے کیلئے سپریم کورٹ کی ہدایات پر ڈریپ میڈیسن کمپنیوں کے ساتھ فروری 2018 سے کام کر رہا ہے۔ ابتدائی طور پر میڈیسن کمپنیوں اور ڈریپ نے ایسی ادویات کیلئے پرائسنگ فارمولا کو حتمی شکل دی جو جان بچانے والی ادویات کی کیٹیگری میں آتی ہیں۔ ہر میڈیسن کے کیس پر علیحدہ علیحدہ گفتگو کی گئی اس لئے اضافے کی شرح بھی ہر میڈیسن کیلئے مختلف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فارماسیوٹیکل کمپنیاں گزشتہ کئی سالوں سے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ کر تی رہی ہیں، آخر کار اعلیٰ عدلیہ نے ڈریپ کو پرائسنگ میکانزم تشکیل دینے کی ہدایت دی جس کے بعد ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا، فارما سیوٹیکل صنعت 34 فیصد اضافے کا مطالبہ کر رہی تھیں لیکن ڈریپ نے اسے صرف 15 فیصد تک اضافے کی اجازت دی۔ دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری فنانس اسلام آباد کیمسٹ ایسوسی ایشن عارف یار خان نے کہا کہ وہ اس کاروبار میں گزشتہ 40 سالوں سے ہے اور اس سطح تک قیمتیں بڑھانے کا اس طرح کا اچانک فیصلہ کبھی نہیں دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ 15 فیصد نہیں جس کا دعویٰ ڈریپ حکام کر رہے ہیں بلکہ چند ادویات کی قیمتیں 200 فیصد تک بڑھادی گئی ہیں اور زیادہ تر ادویات کی قیمتیں 100 فیصد تک بڑھائی گئی ہیں۔ 70 فیصد ادویات جن کی قیمتیں 200 فیصد تک بڑھائی گئی ہیں انہیں ملٹی نیشنل کمپنیاں تیار کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ باقی کمپنیاں قیمتیں آہستہ آہستہ بڑھائیں گی اور اس سے صورتحال مزید خراب ہوگی۔ جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں اتنی زیادہ بڑھا دی گئی ہیں کہ ایک عام آدمی کیلئے دل اور ضیابیطس کی ادویات خریدنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ اس سے قبل نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشن اور کوآرڈینیشن کے وزیر عامر محمود کیانی نے ان فارما سیوٹیوکل کمپنیوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا جنہوں نے ادویات کی قیمتوں میں غیرقانونی طور پر اضافہ کیا۔ جن ادویات کی قیمتیں غیرقانونی طور پر اضافی 15 فیصد بڑھائی گئیں ان میں زائینوسین نیسل ڈراپس 15 ایم آئی، ، ڈوسک ٹیبلٹ 5 ایم جی، زیکومب ایئر ڈراپس 10 ایم آئی، قلسان ڈی ٹیبلٹ ، ایول سیرپ ، بسکو پان پلس ٹیب ، موڈوریٹک ٹیب ، سٹرالکا سیرپ ، مائی سٹرانن پلس آئنمنٹ ، ہیمیکل انفیوژن ، گریوینیٹ انجکشن ، ہائیڈرلن ڈی ایم سیرپ، ہائیڈرلن سیرپ ، گریوینیٹ لیکوئیڈ ، نیگرام سسپنشن ، پیڈٹرال لیکوئیڈ ، لیدرپلیکس سیرپ، موکین سسپنشن ، انٹوکس پی ٹیبلٹ ، پروتھی ایڈن ٹیبلٹ ، ریشنل کریم ، فولک ایسڈ ٹیبلٹ ، زینکس ٹیبلٹ 1 ایم جی ، نارویسک ٹیب ، ٹنارمن ٹیب ، ٹنوریٹ ٹیب ، لپیٹر ٹیب 40 ایم جی ، سیف سپین کیپسول ، کلیفورین انجکشن، فورٹم انجکشن 1000 ایم جی ، سائی پروکسین ٹیب 500 ایم جی ، ڈیلیسن ٹی لوشن ، ڈیلیسن وی کریم ، سنگولیئر ٹیب ، سیل سیپٹ ٹیب، ٹے مٹلو کیپسول ، زوکر ٹیب 20 ایم جی ، نولوا ڈیکس ٹیب ، کلوزارل ٹیب ، روفیلیک 300 میگ ، پلمونل سیرپ ، نو اسپا فورٹ ٹیب ، پروکزن ٹیب ، سن فلیکس ٹیب ، ریووٹرل ٹیب 2 ایم جی ، نیوروبائیون ٹیب ، نیوروبائیون انجکشن ، مونوفر انجکشن ، پلاسل ود اینزائمز ، کلوم فرانل ٹیب، موسیگور وی سیرپ ، ریسٹورل 30 ایم جی ، میپ ریسر 100 ایم جی، زیٹو فین ٹیب، گیلوس ٹیب، ایکسپلنڈڈ ٹیب، لینوکسن ٹیب، ایڈری بلاسٹینا آر ڈی انجکشن 50 ایم جی، ڈیفلوکین کیپسول، امارل ٹیب وغیرہ شامل ہیں۔