کدو.... وٹامنز اور منرلز سے بھرپور سبزی

April 13, 2019

کدو لذیذ اور بےشمار فوائد سے بھرپور سبزی ہے۔اس میں مختلف وٹامنز اور منرلزکی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔یہ دل اور جگر دونوںکے لیے مفید ثابت ہوتاہے اور ہائی بلڈ پریشر کے مرض کے لیے بھی مفید ہے۔

کدو سے میٹھے اور نمکین دونوں طرح کے پکوان بنائے جاتے ہیں۔

ہمارےہاں یہ سبزی خاص پسند کی جاتی ہے اور اس سے مختلف مزیدار پکوان بنائے جاتے ہیں۔چند تراکیب ملاحظہ فرمائیں۔

کدو والا دالچہ

اجزاء۔

مونگ کی دال۔ ایک چوتھائی کپ

مسور کی دال۔ ایک چوتھائی کپ

تور کی دال۔ ایک چوتھائی کپ

چنے کی دال۔ ایک چوتھائی کپ

کدو۔ آدھا کلو

پیاز۔ ایک عدد

تیل ۔آدھا کپ

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ دو چائے کے چمچ

ہلدی۔ آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

املی کا گودا۔ آدھا کپ

کڑی پتے ۔پچیس عدد

ثابت ہری مرچ دو سے تین عدد

گرم مصالحہ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

دالچہ مصالحہ کے لیے۔

ثابت لال مرچ۔ بیس عدد

ثابت سفید زیرہ ۔دو کھانے کے چمچ

ثابت دھنیا ۔دو کھانے کے چمچ

تیل ۔ایک چوتھائی کپ

ترکیب۔

دالچہ مصالحہ کے لیے: تیل گرم کرکے ثابت لال مرچ، ثابت سفید زیرہ اور ثابت دھنیا فرائی کریں اور نکال کر گرائینڈ کر لیں۔

دالچہ کے لیے:مونگ ،مسور،تور اور چنے کی دال کو ہلدی اور چار سے پانچ کپ پانی کے ساتھ اُبال لیں، یہاں تک کہ وہ گل جائیں۔

اب انھیں نکال کر ٹھنڈا کریں اور بلینڈ کر لیں۔

پھر تیل گرم کرکے اس میں کڑی پتے اور پیاز شامل کرکے فرائی کریں، یہاں تک کہ لائٹ براؤن ہو جائے۔

اب اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ، پسا ہوا مصالحہ، کدو، نمک اور پسی لال مرچ ڈال کر اچھی طرح فرائی کرلیں۔

پھر چھ کپ پانی ڈال کرکے ڈھکیں اور کدو گلنے تک پکائیں۔

اب اس میں پسی ہوئی دالیں، املی کا گودا اور ثابت ہری مرچ ڈال کر ہلکی آنچ پر دس سے پندرہ منٹ پکائیں۔

آخر میں اسے نکال کر گرم مصالحہ چھڑک دیں۔

کدو کی بھاجی

اجزاء۔

کدو۔ پیلے والے2/1 کلو

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ 2 کھانے کے چمچ

اُبلے ہوئےٹماٹر2۔ عدد

پیاز۔ 2 عدد

ہرا دھنیا۔ 4/1 گھٹی

ہری مرچ۔ 4 عدد

پسی ہوئی لال مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ

پسا گرم مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ

ہلدی۔ ایک چائےکا چمچ

رائی۔ 2/1 چائے کا چمچ

کلونجی۔ 2/1 چائے کا چمچ

تیل۔ 4/1 کپ

نمک۔ حسب ذائقہ

ترکیب۔

کدوٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ اب کڑاہی میں 4/1 کپ تیل گرم کرکے 2 عد دپیاز اور 2 کھانے کے چمچ ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کرکےاتنا پکائیں کہ پیاز نرم ہوجائےپھر اس میں 2 عدد ابلے ہوئے ٹماٹر، ایک کھانے کا چمچ پسا گرم مصالحہ ایک چائے کا چمچ ہلدی، 2/1 چائے کا چمچ رائی، حسبِ ذائقہ نمک اور 2/1 چائے کا چمچ کلونجی شامل کرکے ایک سے دو منٹ تک مکس کریں۔

اب اس میں کدو اورایک کپ پانی شامل کرکےڈھک کردم پر پکنے کے لئے چھوڑ دیں۔

15 سے 20 منٹ بعد ڈھکن ہٹا کر جب کدو گل جائے تو اسے بھون لیں۔

اس کے بعد 4 عدد ہری مرچ اور 4/1 گٹھی ہرا دھنیا شامل کرکے مکس کرلیں اور ڈش میں نکال کر سرو کریں۔

کدو کا حلوہ

اجزاء۔

کدو ۔ڈیڑھ کلو

دُودھ۔ سات سو پچاس ملی لیٹر

چینی۔ تین سو گرام

میدہ۔ دو سو پچاس گرام

تیل۔حسبِ ضرورت

ہری الائچی۔چھ عدد (پسی ہوئی)

کاجو۔ بارہ عدد

پستے۔ بارہ عدد

بادام ۔بارہ عدد

بادام ایسنس ۔چند قطرے

گلاب کا پانی۔ چند قطرے

کھانے کا رنگ (ہرا)۔ چند قطرے

ترکیب۔

ایک بڑی اور گہری کڑاہی میں تیل گرم کریں۔

اب کدو شامل کرکے ہلکی آنچ پر بھون لیں۔

جب خوشبو آئے تو دُودھ اور چینی ڈال کر پکالیں۔

جب کدو نرم ہو جائے تو ہینڈ بلینڈرکی مدد سے پیس لیں۔

اب بادام کا ایسنس ، گلاب کا عرق اور الائچی ڈال کر پکائیں۔

جب تیل الگ ہو جائے تو تھوڑا سا میدہ ڈال کر مسلسل چمچ چلاتے جائیں۔

تیار ہونے پر پستہ، کاجو اور بادام سے سجا کر گرما گرم پیش کریں۔

کدو کباب

اجزاء۔

کدو ۔آدھ کلو

بھنا ہوا بیسن ۔ڈھائی تولہ

لونگ ۔ایک ماشہ

کالی مرچ۔ ایک ماشہ

الائچی ۔ایک ماشہ

زیرہ ۔ذرا سا

جوز پھل۔ ذرا سا

جاوتری۔ ذرا سی

تیز پات ۔ایک عدد

مرچ سرخ۔ حسب ذائقہ

پسا ہوا دھنیا۔ ایک تولہ

پیاز ۔آدھ پاؤ

ادرک۔ ایک گانٹھ

ہرا دھنیا ۔حسب ِذائقہ

پو دینہ۔ حسب ِذائقہ

ترکیب۔

کدو کاچھلکا اتار لیں۔ خیال رہے پکا ہوا نہ ہو اس کے بعد اس کےبعد اسے چھوٹے ٹکڑوں میںکاٹ لیں اور پھر پانی میں لیموں ملا کر بھگو دیں۔

ایک گھنٹہ بعد صاف پانی سے ان قتلوں کو دھو لیں۔ سب چیزوں کو باریک پیس لیں اور تھوڑا سا دہی اور ایک یا دو انڈے پھینٹ کر ملا دیں۔

پھر بھنے ہوئے چنے کی دال ذراسی پیس کر رکھ لیں۔

چھوٹی چھوٹی ٹکیاں بنا کر کباب کی طرح بنا لیں اور چنے کا آٹا دونوں طرف لگا لگا کر تیل میں احتیاط سے تل لیں۔

مزیدار کدو کے کباب سرو کرنے کے لیے تیار ہیں۔

کدو گوشت

اجزاء۔

مٹن۔ 100گرام کے چھ پیس

کدو ۔چھ بڑے ٹکڑے

پیاز۔ ایک عدد

لہسن۔ ایک عدد

ہری مرچ۔ ایک عدد

ادرک ۔ایک چھوٹا ٹکڑا

ہلدی پاؤڈر۔ چٹکی بھر

گرم مصالحہ پاؤڈر۔ چٹکی بھر

دہی۔ کپ

تیز پتا ۔ایک عدد

تیل۔ ایک کھانے کا چمچ

نمک۔

ذائقہ کے لئے۔

ترکیب۔

دہی کو پھینٹ کر اس میں گوشت اچھی طرح ڈبو دیں اور تقریباََ ایک گھنٹہ تک یونہی پڑا رہنے دیں ۔ پیاز، ادرک، لہسن ،ہلدی اور ہری مرچ کو اکٹھا گرائنڈ کر یں

چاہیں تو ہری مرچ کے بغیر بھی کام چلا سکتے ہیں ۔

ایک برتن میں تیل گرم کر کے اس میں گرائنڈ کئے ہوئے اجزاء کی پیسٹ ڈال دیں۔

جب دیکھیں کہ آمیزہ فرائی ہو چکا ہے تو اس میں گرم مصالحہ پاؤڈر، گوشت ،تیز پتا ڈالیں اور چمچ سے ہلاتے ہوئے پکائیں۔ جب تیل الگ ہو جائے تو گرم پانی شامل کر لیں اور ڈھکن دیکر مزید پکائیں ۔

اس دوران کدو کو چھیل کر اتنا پکائیں کہ نرم ہو جائے ۔ پھر چمچ سے ہمورا کر کے اس میں پکاہوا مٹن ڈال کر مزید پانچ منٹ تک پکنے دیں۔

اس بات کا خیال رہے کہ گاڑھی گریوی موجود ہو۔ ہرے دھنیے سے گارنش کر کے پیش کر یں۔ کدو انتہائی زود ہضم ہو تا ہے اور بدن کو ٹھنڈک اور سکون پہنچاتا ہے۔

کدو کی فیرنی

اجزاء۔

سبز ۔کدو ایک پاؤ

چینی، الائچی۔ حسبِ پسند

دودھ۔ ایک کلو

بادام، پستہ ۔حسبِ منشاء

ترکیب:

کدو چھیل کر ابال لیں۔ پیس کر دودھ میں ملائیں۔

5منٹ پکا کر چھلنی سے چھان لیں۔ اب دودھ کو خوب پکائیں چینی شامل کر کے چمچ ہلاتی رہیں۔

فیرنی کی طرح تیار ہو جائے تو الائچی ، بادام، پستہ ڈال کر تناول فرمائیں۔