رنگت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے میک اپ کریں

May 01, 2019

اکثر خواتین میک اپ کرتے وقت اپنی رنگت کو مد نظر نہیں رکھتیں ۔جو رنگ اچھا لگتا ہے ا س کو استعمال کرلیتی ہیں،بغیر یہ سوچیں کہ یہ رنگ ان پر ججے گا بھی یانہیں ۔میک اپ کرتے وقت اپنی رنگت کا لازمی خیال رکھیں ،اگر آپ کی رنگت سانولی ہے تو اس پر گولڈن میک اپ زیادہ اچھا لگے گا ،بجائے اس کے کہ آپ سفید یا گلابی میک اپ کریں ،اگر رنگت زرد ہے تو آپ گلابی میک اپ کر سکتی ہیں ۔سنہری رنگت کی حامل خواتین فائونڈیشن سے حسن میں چار چاند لگائیں ،ہاں اگر رنگت سرخ و سفید ہے تو آپ پر گہرے رنگ کا میک اپ بھی ججے گا ۔

بلش آن کا انتخاب

اگر آپ کو اس کا صحیح استعمال نہیں آتاتو یہ آپ کے چہرے کو عجیب سالک دے گا ۔بلش آن چہرے کے ساتھ ساتھ آنکھوں کو بھی خاص نکھار دیتا ہے ،اگر آپ کا چہرہ لمبا اورچوڑا ہے تو اس کو گالوں کی ہڈی اور باہر کی طرف پھیلائیں اوراگر آپ کا چہرہ چپٹا یا گول ہے تو بلش آن کو آنکھوں کے بالکل نیچے لگاکر پیشانی کی طرف پھیلائیں ۔

آنکھوں کا میک اپ

ایسی خواتین جن کی آنکھیں نہ زیادہ بڑی ہوں اور نہ ہی ان کی پلکیں گھنی ہوں ،وہ چاہیں تو آئی شیڈ نہ لگائیں لیکن مسکارا ضرورلگائیں ،کیوں کہ مسکارا ایسی آنکھوں کونمایاں کر تا ہے ،اگر آپ کی آنکھیں بڑی ہیں تو صرف آئی شیڈ ہی لگائیں ۔ا س سے بھی آپ کی آنکھیں خوبصورت نظر آئیں گی ۔

لپ اسٹک کا استعمال

اس کو زیادہ دیر تک قائم رکھنے کے لیے ایک کوٹ لگانے کے بعدٹشو پیپر کو ہونٹوں کے درمیان رکھ کر ہلکا سادبائیں اور پھر دوسرا کوٹ لگائیں ،اگر آپ میٹ لپ اسٹک لگا رہی ہیں تو لپ لائنز کی مدد سے آؤٹ لائن بناسکتی ہیں ۔ا س طرح آپ کے ہو نٹ مزید خوبصورت دکھائی دیں گے۔ شیڈز کا انتخاب بھی اپنی رنگت کی مناسبت سے کریں، گوری رنگت کی حامل خواتین لپ اسٹک کے ہلکے اور گہرے دونوں شیڈز استعمال کر سکتی ہیں لیکن اگر رنگت سانولی ہے تو ہلکے رنگ کا استعمال کریں ۔میک اپ خریدتے وقت یہ بات یاد رکھیں کہ آپ جو کچھ لے رہی ہیں وہ خوبصورتی میں اضافےکے لیے ہے ۔ا سی لیے ضروری ہے کہ میک اپ کےاستعمال کا صحیح طریقہ معلوم ہو، تا کہ آپ پر ُکشش اور جاذب نظر دکھائی دیں ۔

میک اپ کر تے وقت کن باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے

بیشتر خواتین کو علم نہیں ہوتا کہ کون سی کریم ،لوشن یا میک اپ کے لیے کس قسم کا پف اور برش کا کب اور کیسے استعمال کرنا ہے ۔ عام طور پر وہ تمام برشز ایک ساتھ مل جاتے ہیں،جن کی میک اپ کے دوران ضرورت پڑ سکتی ہے ۔ بلش آن لگانے کا برش بھوئوں پر سے پائوڈر وغیرہ صاف کرنے اور انہیں ٹھیک رکھنے کے لیے ہوتا ہے ۔اس کے علاوہ اسی برش سے مسکارا خشک ہونے پر جھاڑ کر ایک دوسرے سے چپکی ہوئی پلکوں کو علیحدہ کیا جاسکتا ہے ۔ا س کے علاوہ آئی شیڈلگانے کے لیے برش اور آئی لائنر لگانے کے لیے بھی مختلف سائز کے برش ہوتے ہیں ۔ ان برش سے ہی آئی شیڈ اور آئی لائنر لپ اسٹک کی آئوٹ لائن لگانے کے لیے لپ پینسل استعما ل کریں،بعدازاں برش سے ہونٹوں کے اندر کی طرف لپ اسٹک لگائیں ۔

بیوٹی ٹپس

رنگت نکھارنے کے لیے اپنی صحت پر خاص توجہ دیں ۔ صحت اچھی ہوگی تو گال خودبخود گلابی ہوجائیں گے ۔ہونٹ گلابی کر نے کے لیے چنبیلی کے تیل میں لیموں کا رس ملا کر لگائیں ۔چہرے کے داغ دھبوں کے لیے سب سے پہلےاپنے کھانے پینے کی عادت بدلیں ۔چکنی ،تلی ہوئی اشیا ء ، کھٹائی اورمرچ کے استعمال سے پرہیز کریں ۔ہفتے میں ایک بار چہرے پر بھاپ ضرور لیں ۔اس سے جلد پر موجود میل کچیل ختم اور دانے نکلنا کم ہوجائیں گے ۔ چہرے پر سےداغ ختم کرنے کے لیے ایک چائے کا چمچہ لیموں کے رس میں ایک چوتھائی چائے کاچمچہ دودھ ملا کر چہرے پر لگائیں ۔ا س سے داغ ختم ہوجائیں گے ۔سانولی رنگت کی حامل خواتین کو اکثر گورا ہونے کی فکر لگی رہتی ہے اور اس کے لیے وہ بڑے جتن بھی کرتی ہیں ۔سانولی رنگت کو بالکل گورا تو نہیں کیا جاسکتا ،البتہ چہرے کے نکھارکے لیے بہت سے طریقے ہیں۔مثلاً:چنے کی دال اور ہلدی کا مرکب صدیوں سے ابٹن کی شکل میں استعمال ہورہا ہے ۔رات کو چنے کی دال دھوکر پانی میں بھگودیں ،صبح ہلدی کی گانٹھ کے ساتھ پیس لیں ،اس آمیزے کو پیالے میں ڈال کر ایک چائے کا چمچہ لیموں کا رس شامل کریں ،بعدازاں ا س مرکب کو ہاتھوں ،پیروں اور چہرے پر اچھی طرح لگائیںاور جب یہ خشک ہوجائے تو کسی بھی معیاری صابن سے دھولیں ۔اس سے رنگت میں نکھار آجائے گا ۔خشک جلد کی حامل خواتین یہ نسخہ آزمائیں، چند دانےبادام پیس کر اس کو دودھ یا بالائی کے ساتھ ملا کر چہرے پر لگائیں ، جب چہرہ خشک ہوجائے تو ہاتھوں سے اچھی طرح مل کر اتارلیں اور صاف پانی سے چہرہ دھولیں ۔اس سے چہرہ نرم ،رنگت نکھر اور خشکی دورہوجائیں گی ۔