سحری اور افطاری میں بنائیں چٹ پٹے پکوان

May 01, 2019

ذکیہ عمر

یوں توسارا سال خواتین ہر وقت ترکیبوں کے بارے میں سوچتی رہتی ہیں کہ آج کیا پکائیں ،بچوں کو کیا کھلائیں لیکن رمضان میں یہ فکر کچھ زیادہ ہی بڑھ جاتی ہے کہ سحری اور افطاری میں کیا پکائیں ۔جیسا کہ چند دنوں بعد یہ بابرکت مہینہ شروع ہوجائے گا ،اسی لیےآپ کی اس فکر کو کم کرنے کے لیے ہم چند کھانوں کی تراکیب پیش کررہے ہیں ۔

بادامی مرغی

اجزا:چکن ایک کلو ،پیاز تین عدد ،سبز الائچی تین عدد،سبز الائچی پائوڈر ایک چائے کا چمچہ ،لہسن ،ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ ،لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے ،دہی ایک کپ ،کریم اور بادام کا پیسٹ آدھی پیالی ،نمک ،کالی مرچ پائوڈر حسب ِ ذائقہ،،تیل آدھی پیالی

ترکیب:سب سے پہلے تیل گرم کرکےاس میں سبز الائچی کڑ کڑا لیں ،پھر اس میں پیاز ڈال کر فرائی کرلیںاور ادرک ، لہسن کا پیسٹ ڈال دیں ۔ا س کے بعد چکن ڈال کر اچھی طرح بھونیں اور جب چکن گل جائے تو دہی شامل کرکے اتنا پکائیں کہ ایک کپ پانی خشک ہوجائے ۔اب نمک ،پسی ہوئی کالی مرچ ،لیموں کا رس ،کریم اور بادام کا پیسٹ ڈال کر دس سے پندرہ منٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں اور آخر میں کڑکڑائی ہوئی الائچیاں اور پائوڈر چھڑک کر مزید پانچ منٹ تک پکائیں پھر گر ماگرم پراٹھےیا چپاتی کےساتھ تناون فرمائیں ۔

وائٹ چکن قورمہ اور پراٹھا

اجزا:چکن ایک کلو ،ناریل (پساہوا) آدھی پیالی ،بادام (پسے ہوئے ) آدھی پیالی ۔دہی اور کریم ایک پیالی ،پیاز دو عدد،ہری مرچ 9 عدد ( پیسٹ بنالیں ) زیرہ ( کٹا ہوا) ایک چائے کا چمچہ ،گرم مسالہ ( پساہوا ) ایک چائے کا چمچہ ،کالی مرچ (کٹی ہوئی ) ایک چائے کا چمچہ ،لہسن اور ادرک (پسا ہوا ) ایک چائے کا چمچہ ،لیموں کا رس دوکھانے کے چمچے ،ثابت لال مرچ8 عدد ،تیل آدھی پیالی

ترکیب: پہلےایک پتلی میں تھوڑے سے پانی میںپیاز گلنے کے لیے ہلکی آنچ پر رکھیں اور ساتھ ہی چکن دھو کر دوسری پتلی میں گلنے کے لیے رکھ دیں ۔جب پیاز گل جائے تو چمچے کی مدد سے اسے میش کرلیں اور چکن بھی اس میں شامل کردیں اور جب چکن کا پانی خشک ہوجائے تو اس میں نمک ،لہسن اور ادرک کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح بھونیں۔ پلیٹ میں چکن نکالیں اور اسی تیل میں پسی ہوئی پیاز فرائی کرکے کے تمام مسالے ،ناریل ،بادام اور دہی شامل کر کے اس وقت تک بھونیں جب تک تیل اوپر نہ آجائے پھر اس میں فرائی کی ہوئی چکن اور کریم ڈال کرتھوڑی دیر چمچہ چلائیں اور دم پر رکھ دیں ۔آخر میں توے پر ثابت لال مرچ اور زیرہ ہلکاسا بھون کر کوٹیں اور چکن میں شامل کر کےدیگچی ڈھانپ دیں ڈش میں نکلتے وقت لیموں کا رس ڈال دیں۔مزیدار وائٹ چکن قورمہ تیار ہے ۔

ملائی پراٹھا بنانے کی ترکیب

آٹا آدھا کلو،گھی اور دودھ آدھی پیالی،ملائی دو چائے کے چمچے اور نمک حسبِ ذائقہ ملا کر گوندھیں اور ایک گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں ۔

پھر اس کے پراٹھے بنائیں یہ بہت ہلکے ہوتے ہیں سحری میں کھائے جاسکتے ہیں ۔

آملیٹ کا سالن

اجزا:انڈے چار عدد،پیاز چار عدد،ٹماٹر دو عدد،خشک دھنیا ایک کھانے کا چمچہ ،سیاہ اور لال مرچ ایک چائے کا چمچہ ،سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچہ ،نمک حسبِ ذائقہ ،تیل حسبِ ضرورت

ترکیب:انڈے پھینٹ کر اس میں نمک ،سیاہ مرچ اور آدھا چمچہ سفید زیرہ ڈالیں پھر فرائی بین میں تیل گرم کرکے یہ پھینٹا ہوا آمیزہ ڈال کر آملیٹ تیار کرلیں ۔اس کے بعد دیگچی میںتیل گرم کرکےپیاز بھون لیں اور ساتھ ہی کاٹے ہوئے ٹماٹر ،پساہوا خشک دھنیا ،سرخ اور سیاہ مرچ ،نمک،سفید زیرہ ڈال کر تین سے چار منٹ تک بھونیں ۔ا س کے بعد اس میں دہی اور تھوڑا سا پانی ڈال کر پکائیں اور جب پانی خشک ہوجائے تو آملیٹ کے ٹکڑے بنا کر شامل کرکے پانچ منٹ تک دم پر رکھ دیں ۔مزیدار آملیٹ سالن تیار ہے ۔چپاتی یا پراٹھے کے ساتھ کھائیں ۔

چکن اسٹیکس

اجزا:چکن آدھا کلو،لال مرچ آدھا چائے کا چمچہ،ہلدی دو چائے کے چمچے،گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ،ہری مرچیں چار عدد کٹی ہوئی،سرکہ چوتھائی چائے کا چمچہ،کریم آدھا کپ،انڈے پانچ عدد،شملہ مرچ دو عدد چکور کاٹ لیں،پیاز دو عدد چکور کاٹ لیں،بریڈکرمزحسبِ ضرورت،تیل حسبِ ضرورت فرائی کر نے کے لیے

ترکیب:سب سے پہلےگوشت کی بوٹیاں بنالیں پھر ان میں لال مرچ، ہلدی، گرم مسالہ، زیرہ، ادرک، لہسن، ہری مرچیںاور کریم ملا کر میرنیٹ کرنے کے لیے رکھ دیں، اس کو اتنا پکائیں کہ گوشت گل جائے پھرچولہے سے اتار لیں۔ اسٹک لیں، اس پر ایک بوٹی، ایک کیوب شملہ مرچ، ایک کیوب پیاز اور پھر بوٹی لگائیں، اس طرح اپنے حساب سے اسٹیکس تیار کرلیں، انڈے پھینٹ لیں پھر اس کو انڈے میں ڈِپ کریں بریڈ کرمز لگائیں اورتیل میں فرائی کر لیں۔

آلو کے سموسے

اجزا:میدہ سوگرام،آلو ایک پاؤ(اُبال کر میش کرلیں)،گھی بیس گرام ،گرم مسالہ پاؤڈرایک چوتھائی چائے کا چمچہ ،پسی ہوئی لال مرچ ایک چوتھائی چائے کا چمچہ،کُٹی لال مرچ ایک چوتھائی چائے کا چمچہ،کھٹائی ایک چوتھائی چائے کا چمچہ،ثابت دھنیا ایک چوتھائی چائے کا چمچہ،نمک حسب ِذائقہ،ہلدی ایک چوتھائی چائے کا چمچہ،پیاز ( کٹی ہوئی ) ددعدد،ہری مرچیں ( باریک کٹی ہوئیں )پانچ سے آٹھ عدد،ہرا دھنیا حسب ضرورت ،تیل فرائی کرنے کے لیے

ترکیب:ایک پیالے میں میدہ ، گھی ، نمک، اور اجوائن ملا کر پانی سے گوندھ لیں اور آدھے گھنٹے کے لیے ایک طرف رکھ دیں ۔پھرایک پین میں تیل گرم کریں اور اس میں پیاز 1 منٹ تک بھونیں پھر اس میں ہری مرچیں ، اُبلے اور میش کیے ہوئے آلو ، پسا ہوا گرم مسالہ ، کُٹی لال مرچ ، کھٹائی ، ثابت دھنیا، نمک ، ہلدی اور ہرا دھنیا ڈال کر یک جاکرلیں اور مسالہ بنا کر ایک طرف رکھ دیں ۔ آٹے کے چھوٹے چھوٹے پیڑےبنائیں اور چپاتی کی طرح بیل لیں ۔ پھر اس کے دو حصے کر لیں، ہر حصّے کی کون بنا کر اس میں تیار کردہ آمیزہ بھر دیں اور ایک طرف سے دبا کر دوسری طرف سے تہہ کریں اور سموسے بنا لیں ۔پھر پین میں تیل گرم کریں اور سموسوں کو گولڈن براؤن ہونے تک ڈیپ فرائی کریں۔اس کے بعد سموسوں کو کچھ دیر کے لیے ٹشو پیپر پر نکال لیں، تاکہ اضافی تیل اس میں جذب ہو جائے۔مزیدار سموسے تیار ہے۔