رابرٹ ڈائونی جونیئر کی اوینجراینڈ گیم سے 100 ملین ڈالر کمائی کا امکان

May 03, 2019

لاس اینجلس (ایجنسیاں) مارول اسٹوڈیوز کی اوینجرز سیریز کے مرکزی کردار رابرٹ ڈائونی جونیئر کی اصل اور فلمی زندگی میں ایک چیز مشترکہ ہے اور وہ ہے ٹونی اسٹارک (فلمی نام) اور رابرٹ ڈائونی جونیئر (اصل نام) کا امیر ہونا۔ اوینجرز سیریز میں امیر ترین شخص ٹونی اسٹارک کا کردار نبھانے والے رابرٹ ڈائونی جونیئر حقیقی زندگی میں بھی فلموں میں کام کرنے کا اچھا خاصا معاوضہ کماتے ہیں۔ہولی وڈ رپورٹر ویب سائٹ کے مطابق مارول اسٹوڈیو ز کے ساتھ کام کرنے والے سپر ہیروز میں سب سے زیادہ معاوضہ رابرٹ ڈاونی جونیئر نے وصول کیا۔ا سکارلیٹ جونسن (بلیک وِڈو) ، کرس ایوانز (کیپٹن امریکہ) اور کرس ہیمز ورتھ (تھور) نے مارول کی فلموں میں کام کرنے کیلئے 15 سے 20 ملین ڈالر کا معاوضہ وصول کیا لیکن رابرٹ ڈائونی جونیئر نے عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پس پردہ ڈیل کو ترجیح دی۔ اس ڈیل کے تحت انہیں فکس معاوضہ نہیں دیا گیا بلکہ ان کا فلم کے منافع میں سے حصہ رکھا گیا ہے ۔ اب مارول کی کوئی فلم فلاپ ہوجائے یہ کیسے ممکن ہے؟ اس لیے رابرٹ ڈائونی جونیئر نے بھی خوب جیبیں بھر بھر کے پیسہ کمایا۔ہولی وڈ رپورٹر ویب سائٹ کے مطابق منافع کی شرح کی ڈیل کے تحت رابرٹ ڈائونی جونیئر نے اوینجرز انفنیٹی وار سے 75 ملین ڈالر کمائے جبکہ اوینجرز اینڈ گیم سے ان کی کمائی 100 ملین ڈالر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔