دلہن کیلئے ہیئر اسٹائل کا انتخاب

May 05, 2019

گزشتہ برس پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبصورت اور دلکش اداکارہ ایمن خان کی شادی لالی ووڈ کی سب سے بڑی شادی کہلائی۔ شادی کی رسموں کی طرح ایمن خان کا برائیڈل ہیئر اسٹائل بھی توجہ کا مرکز رہا۔ اگرچہ اداکارہ کا برائیڈل ڈریس اور میک اَپ ہر لحاظ سے منفرد اور بہترین تھا لیکن ہیئر اسٹائل ان کی تمام تر دلکشی کو چھپانے کا سبب بن گیا۔ یہی وجہ ہے کہ اس خاص موقع پر ایمن خان مداحوں کو غالباً اس طرح متاثر کرنے میں کامیاب نہ ہوپائیں، جیسا کہ توقع کی جارہی تھی۔

یہ بات سب ہی جانتے ہیں کہ سحر انگیز عروسی حسن کے لیے ہیئر اسٹائل کتنا اہم ہوتا ہے۔ ہیئراسٹائل اگر چہ سنگھار کی ہی ایک قسم ہےلیکن یہ مرحلہ برائیڈل ملبوسات اورزیورات کی طرح خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اگر آپ بھی چاہتی ہیں کہ شادی کے دن سب سے خوبصورت اور منفرد نظر آئیں تو ہیئر اسٹائل کے انتخاب کے لیے مکمل طور پر میک اَپ آرٹسٹ کی پسند پر انحصار نہ کریں بلکہ اس ضمن میں ذیل میں درج خاص باتوں کا خیال رکھیں اوران مشوروں پر عمل کریں۔

٭جس طرح شادی کی تاریخ طے ہوتے ہی دلہنیں میک اَپ آرٹسٹ کی تلاش اور ایڈوانس بکنگ شروع کردیتی ہیں، بالکل اسی طرح ہیئر اسٹائل کے نئے ٹرینڈز کی تلاش بھی کئی دن قبل شروع کردیں۔

٭ دوسرے مرحلے میںیہ طے کریںکہ اس دن آپ کون سا لک اپنا نا چاہتی ہیں، مثال کے طور پر کئی دلہنیں روایتی انداز جبکہ کچھ ماڈرن یا پھر کچھ سیلیبرٹیز اسٹائل اپنا نا چاہتی ہیں۔ اس ضمن میں میک اَپ آرٹسٹ کی مدد بھی لی جاسکتی ہے۔

٭ایسے ہیئر اسٹائل کا انتخاب کریں، جسے بنواکر آپ شادی والے دن پرسکون اور آرام دہ محسوس کریں۔ یہ نہ ہو کہ ہیئر اسٹائل آپ کے لیے پریشانی کا باعث بن جائے اور آپ کے لیے اسے سنبھالنا مشکل ہوجائے۔

٭ہیئر اسٹائل بھی شخصیت کی عکاسی کرتا ہے، آپ جس کسی بھی ہیئر اسٹائل کا انتخاب کریں، اسے شادی کے دن سے قبل ایک بار بناکر ضرور دیکھ لیں یا پھر اس سے متعلق معلومات حاصل کرلیں۔

٭برائیڈل ہیئر اسٹائل منتخب کرنے سے قبل اپنے چہرے کی ساخت کا خاص خیال رکھیں۔ دلہن کے ہیئر اسٹائل کا انتخاب کرتے وقت سب سے پہلی ترجیح چہرے کی ساخت کو دینی چاہیے، ٹرینڈز اپنانے کا مرحلہ بعد کا ہے۔ دنیا کے مشہور اور معروف ہیئراسٹائلسٹ اس حوالے سے کچھ مشورے دیتے ہیں۔

گول چہرہ

اگر آپ کے چہرے کی ساخت گول ہے تو ہیئراسٹائلسٹ ایسی دلہنوں کے لیے افقی رُخ جاتا ہوا ہیئر اسٹائل اپنانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہیںکیونکہ اس طرح کے ہیئر اسٹائل میں آپ کا چہرہ مزید گول اور چوڑا محسوس ہوتا ہے۔ گول چہرے کی ساخت والی خواتین کو چاہیے کہ عمودی رُخ والے ہیئر اسٹائل اپنائیں۔ اس کے علاوہ درمیانی مانگ کے بجائے سائیڈ مانگ والے ہیئر اسٹائل اپنائیں، یہ آپ کے چہرے کےحجم کو متوازن کرکے عروسی حسن بڑھانے کا سبب بنے گا۔

لمبا چہرہ

زیادہ تر ہیئراسٹائلسٹ لمبے چہرے والی خواتین کیلئے برائیڈل ہیئراسٹائل میں ہائی اَپ ڈو بنادیتے ہیں، جو چہرے کو مزید لمبا دکھاتی ہے۔ چہرے کی ایسی ساخت پر ہیئر اسٹائلنگ کیلئے اُونچے بال بنانے سے گریز کرنا چاہیے۔ اسی طرح فلیٹ ہیئر اسٹائل اپنانے کے بجائے لو بن اور ویوی لک اس ساخت پر ایک بہترین ہیئر اسٹائل ثابت ہوگا۔

بیضوی چہرہ

چہرے کی بیضوی ساخت خوش قسمت تصور کی جاتی ہے ،اس ساخت پر ہیئر اسٹائل کی تمام اقسام جچتی ہیں۔ تاہم ہیئراسٹائلسٹ ایسی ساخت رکھنے والی خواتین کو شادی کے خاص دن کے لیےchic & sleek اپنانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ اگر دلہن کا قد کم ہے تو انھیں چاہیے کہ ایسے ہیئر اسٹائل کا انتخاب کریں، جو ٹاپ پر سے اونچا ہو۔ یہ ہیئر اسٹائل ان کا قد نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

چوکور چہرہ

چوکور چہرے والی دلہنوں کو چاہیے کہ شادی جیسے خاص موقع کیلئے جیومیٹریکل شیپ اور اسٹرکچرڈ ہیئراسٹائل کا انتخاب نہ کریں۔ چونکہ ان خواتین کے نقوش شارپ ہوتے ہیں، اسلئے سوفٹ سائڈ بینگ کے ہمراہ بنایا گیاہیئر اسٹائل ان کے چہرے پر نرمی اور معصومیت پیدا کریگا۔ چہرہ زیادہ چوڑا ہو تو راؤنڈ یا ویوی لک کے ذریعے بھی چوڑائی ختم کی جاسکتی ہے۔