جامعہ کراچی ، طالب علم کے خلاف شکایت پر انضباطی کمیٹی کا اجلاس

May 04, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کی انضباطی کمیٹی کا اجلاس رئیس کلیہ تعلیم و کنوینرانضباطی کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر سلمان کی صدارت میں رئیس کلیہ تعلیم کے دفتر میں منعقد ہوا۔یہ طویل اجلاس شعبہ ابلاغ عامہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اُسامہ شفیق کی 12 اپریل 2019 ءکی اس تحریری شکایت کے سلسلے میں منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر اُسامہ نے شعبہ ابلاغ عامہ کے طالب علم تہماس علی خان کے خلاف کردار کشی کے حوالے سے شکایت کی تھی۔ جمعہ کو منعقدہ انضباطی کمیٹی کے اجلاس میں متعدد شواہد پر غور کیا گیا اور ابتدائی سفارشات مرتب کی گئیں تاہم سفارشات کو حتمی شکل دینے کے لئے فیصلہ کیا گیا کہ انضباطی کمیٹی کا ایک اور اجلاس پیر 6 مئی کو منعقد کیاجائے گا جس میں حتمی سفارشات مرتب کرکے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان کو پیش کی جائیں گی۔