فٹبال، خادم علی شاہ کا اعزاز پاکستان کے لئے باعث فخر

May 07, 2019

سندھ فٹ بال ایسو سی ایشن کے صدر سید خادم علی شاہ سائوتھ ایشین فٹ بال فیڈریشن کے اجلاس کی صدارت کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں ہونے والی ساف کا نگریس کے اجلاس میں تمام ممبر ممالک کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں حال ہی میں منتخب ہونے والے اے ایف سی کے نائب صدر سید فیصل صالح حیات نے بھی شرکت کی۔ دو روزہ اجلاس میں ساف کے بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے صدر قاضی صلاح الدین نجی مصروفیات کے باعث اجلاس میں شریک نہ ہوئے اور اجلاس کی صدارت پہلی بار پاکستان کے سید خادم علی شاہ کی صدارت میں ہوا۔ فیصل صالح حیات کی قیادت میں پاکستان فٹ بال کے فیفا اور اے ایف سی کی جانب سے تسلیم کر لیے جانے کے بعد ساف کانگریس اجلاس میں بھی پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کیلئے کئی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ کھٹمنڈو میں ہونے والے ساف ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے جن میں ساف کانگریس نیپال میں منعقد کرنے، اکاؤنٹس اور بجٹ کے ساتھ سالانہ کیلنڈر کی بھی منظوری دی گئی۔ ایگزیکٹو کمیٹی نے خاص طور پر یوتھ فٹبال کے فروغ کے لیے وضع کئے جانے والے مختلف پروگراموں کی بھی منظوری دی،۔ سید خادم علی شاہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساف کے ممبران کھیل کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے پرعزم ہیں، ساف کو اے ایف سی اور فیفا کی جانب سے منظوری ملنا خوش آئند ہے۔ جنوبی ایشیائی فٹبال کو فروغ دینے کے لیے مزید بہتر وسائل اور سہولیات میسر آئیں گی اور مقابلے کی فضا پیدا ہوگی۔

قومی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان ان کی اہلیہ ، ندیم عمر اور اہلیہ ، گلوکار تحسین جاوید کارپوریٹ ٹی ٹوئنٹی کر کٹ کی افتتاحی تقریب میں

انہوں نے کہا کہ صاف ویمنز فٹبال چیمپئن شپ کیلنڈر کا اہم حصہ ہے لیکن انڈر1 5 بوائز اسکول کمپیٹیشن سمیت نوجوانوں کے لیے کئی اہونٹس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ فیفا اور اے ایف سی نے حال ہی میں ساف کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔ پاکستان پہنچنے کے بعد جنگ سے باتیں کرتے ہوئے سید خادم علی شاہ نے بتایا کہ ساف کے فیفا اور اے ایف سی سے تسلیم کئے جانے کے بعد ہمارے بہت سے مسائل اب ان بڑے پلیٹ فارم سے بھی حل ہوں گے۔ پاکستان کو ساف کی صدارت کا پہلی بار اعزاز حاصل ہوا اور یہ سب کچھ میرے دوستوں اور فٹ بال سے محبت کرنے والوں کی دعائوں کا نتیجہ ہے۔ پاکستانی فٹ بال کی بہتری کیلئے ہم سے جو کچھ بھی ہوسکے گا ہم کریں گے۔