ہاتھوں کی خوبصورتی کو کریں دو چند

May 08, 2019

ردا ارسلان

ہاتھوں کی انگلیاں ، اسٹائل اور ناخن کسی بھی خاتون کی طرزِ زندگی اور اس کی شخصیت سے پردہ اٹھاتے ہیں۔مثال کے طور پر زیادہ محنت کرنے والی خواتین کے ہاتھ عموماًسخت اور کھردرے ہوجاتے ہیںاورکپڑے دھونے ،برتن دھونے ،جھاڑو دینے سے ہاتھ سخت ہوجاتے ہیں۔ہاتھوں کی زبان نہیں ہوتی مگر پھر بھی یہ بولتے ہیں ۔ہاتھ کسی بھی شخص کی عمر ناپنے کا بہترین پیمانہ ہیں ،کیوں کہ چہرے پر میک اپ کر کے عمر چھپائی جاسکتی ہے لیکن ہاتھوں اور کلائیوں کی جھریوں کوکوئی نہیں چھپا سکتا ۔کوئی ورزش یا آلہ آپ کے ہاتھوں کی جھریوں کو دور نہیں کرسکتا اس لیے اپنے ہاتھوں کی حفاظت خودکیجئے تاکہ آپ کے ہاتھ وقت سے پہلے بوڑھے ظاہر نہ ہو ۔

پرُ کشش شخصیت کا دارو مدار خوب صورت اور صاف ستھرے ہاتھوں پر بھی ہوتا ہے ۔گندے اور میلے کچیلے ناخن رکھنے والی خواتین اُن کی خوب صورتی ختم کر دیتی ہیں۔ یہ ہاتھ ہی ہیں جو کسی خاتون کا امیج اچھا بناتے ہیں ۔اس لیے ان کی حفاظت بہت ضروری ہے ۔یاد رکھیں ہاتھوں کو بھی اتنی ہی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے جتنی چہرے کو۔ ہاتھوں کی اپنی ہی زبان ہوتی ہے جوسامنے بیٹھے شخص کو مسحور کر دیتی ہے ۔لیکن ہماری بیشتر خواتین اپنے ہاتھوںکی دیکھ بھال پر توجہ نہیں دیتیں ۔اگر ہم آپ کے ہاتھوں کو مندرجہ ذیل ٹوٹکوں سے خوبصورت بنائیں تو کیسا ہے ؟ پھر آئیے اور تیاری کریں ،حسن دو چند کرنے کا ،جو آپ کے ہاتھوں میںہے ۔

لیموں کا رس ہاتھ کی جلد کے لیے بے حد مفید ہے ۔اس کے استعمال سے نہ صرف ہاتھوں کی جلد نرم ہوجاتی ہے بلکہ رنگت بھی گوری ہوجاتی ہے ۔دھوپ میں نکلنے سے پہلے ہاتھوں پر کوئی بھی لوشن یا کریم ضرور لگائیں، کیوں کہ سورج کی تپش ہاتھوں کی جلد کو جھلسا دیتی ہے ۔انہیں نم آلودہ رکھنے کے لیے اچھے سے موئسچرائز کا انتخاب لازمی کریں ۔

ہاتھوں کی دل کشی میں اہم حصہ ناخنوں کا ہے ۔ناخن ایک ملی میٹر فی ہفتہ بڑھتے ہیں ،خون کی کمی ،سخت قسم کی ڈائٹنگ ،بیماری اور ذہنی دبائو ناخن کے بڑھنے کی رفتارکو متاثر کرتے ہیں ۔ہاتھ اس وقت تک خوبصورت نظر نہیں آسکتے جب تک ناخن پر ُکشش نہ ہوں ۔ نیل پالش کی اپنی منفرد حیثیت ہوتی ہے ،اس کے رنگوں کا انتخاب اپنی شخصیت ،لباس اور موسم کی مناسبت سے کریں ۔اگر آپ کے ناخن ٹوٹ جاتے ہیں تو ایک گلاس پانی میں ایک چمچہ جیلا ٹین ملائیں اور اس میں ایک تازہ لیموں نچوڑ کر گرم گرم پی لیں ۔

گلاب کا عرق دوچمچے ،گلیسرین ایک چمچہ ،لیموں کا رس ایک چمچہ

اس کا محلول بناکر باتھ روم یا باورچی خانہ میں رکھ لیں ۔نہانے یا کپڑے دھونے کے بعد جب بھی وقت ملے تو ہاتھوں کو اچھی طرح دھو کر خشک کر لیں اور اس لوشن کو اچھی طرح مل لیں ۔

ہاتھگورے کرنےکا طریقہ

ہاتھ گورے کرنے کے لیے آپ ہاتھوں پر دس منٹ تک لیموں رگڑتی رہیں۔ اس کے علاوہ ابٹن سے مالش کرنے سے بھی ہاتھوں کا رنگ صاف ہوجاتا ہے ۔

گلاب کا عرق چائے کے چار چمچے ،گلیسرین چائے کے دوچمچے ،لیموں کا رس آدھاچائے کا چمچہ ۔ان تینوں اشیاء کو ملا کر محلول بنالیں اسے باتھ روم یا باورچی خانے میں رکھ لیں ۔کام ختم کر کے ہاتھوں کو اچھی طرح دھو کر خشک کر کے لگالیں۔آپ کے ہاتھ مزید خوبصورت ہوجائیں گے ۔

اس کے علاوہ چنبیلی کا تیل چار تولہ ،گلیسرین دو تولہ ،روغن کدو تین تولہ لے کر یک جا کرلیں ۔اسے ایک شیشی میں رکھ لیں ۔صبح وشام اس سے مالش کریں ،ایسا کرنےسےہاتھوں کی خشکی دور ہو جائے گی ۔ ہاتھ نرم اور سفید بنانے کے لیے تھوڑی سی چینی میں لیموں کا رس ملا کر لگانے سے ہاتھ نرم اور سفید ہوجائیں گے ۔

ورزش سے ہاتھوں کو خوبصورت بنائیں

1۔ دونوں ہاتھوں کی مٹھیاں کس کے بند کرلیں اب جھٹکے کے ساتھ مٹھیاں کھولتے ہوئے انگلیوں کو پورا پھیلا دیں ۔یہ عمل دس بار دہرائیں ۔

2۔دونوں ہاتھوں میں ایک ہی سائز کی ربڑ کی گیند یں لے کر انہیں آہستہ آہستہ دبائیں ۔دومنٹ کے لیے ایسا کریں ۔

بازو اور کہنیاں نظر انداز نہ کریں

لیموں تو آپ کے گھرمیں استعمال ہوتا ہی ہوگا ۔ اس کے چھلکے کو کہنیوں اور بازوئوں پر روزانہ ملیں ۔ ٹی وی دیکھتے ، فون پر بات کرتے ہوئے یا اخبار پڑھتے ہوئے یہ عمل بآسانی کر سکتی ہیں ۔چند ہی دنوں میں نمایاں فرق محسوس ہوگا ۔ابٹن میں تھوڑا ساپانی یا دودھ ملاکر پیسٹ بنالیں ۔اسے اپنے بازوئوں اور کہنیوں پر لگائیں۔جب سوکھ جائے تورگڑ کر اتار لیں اس عمل سے با زوئوں سے فالتو رواں بھی غائب ہوجائے گا۔