بینک جو زکوٰۃ کاٹتا ہے کیا اس سے زکوۃ ادا ہوجاتی ہے؟

May 10, 2019

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

بینک کا زکوٰۃ کی مد میں کٹوتی کرنا…!

سوال:۔ ہر سال یکم رمضان کو بینک زکوٰۃ کی کٹوتی کرتے ہیں،کیا اس سے زکوٰۃ ادا ہوجاتی ہے؟(ایم۔ نعمان،کراچی)

جواب:۔ بینک کو لوگوں کی رقوم سے زکوٰۃ کا ٹنے کی اجازت نہیں، جس کی بہت سی وجوہات ہیں، مثلا ًحکومت کو نقدی سے زکوٰۃ وصول کرنے کا اختیار نہیں۔ حکومت جو زکوٰۃ وصول کرتی ہے تو جبراً وصول کرتی ہے، جس میں مالکوں کی اجازت نہیں ہوتی اور زکوٰۃ کاٹنے میں ضروری تفصیل کو بھی سامنے نہیں رکھتی۔مزید یہ کہ زکوٰۃ کی کٹوتی اس کھاتے سے ہوتی ہے جس میں نفع ملتا ہے اور جو نفع ملتا ہے، وہ سود ہوتا ہے ،اسی نفع کا ایک حصہ زکوٰۃ کے نام سے کاٹ لیا جاتا ہے، گویا حکومت سودی رقم میں سے کچھ روک لیتی ہے اور کھاتہ دار کو نفع کچھ کم دے دیتی ہے ۔پھر صحیح یا غلط جو کچھ وصول کرلیتی ہے، اسے درست مصرف میں استعمال نہیں کرتی،ان وجوہات کی بناء پر بینک جو زکوٰۃ کاٹتا ہے ،اس سے زکوۃ ادا نہیں ہوتی۔