اخروٹی لکڑی کا فرش، کیبنٹ اور فرنیچر

May 12, 2019

اپنے ارد گرد نظر دوڑائیں تو یہ احساس ہوگا کہ آپ لکڑی کی میز سے لے کر دروازوں تک چاروں اطراف میں لکڑی کی بنی مختلف اشیا میں گھرے ہوئےہیں۔ آپ چاہے اپنے گھر میں لکڑی کا فرش بنوانا چاہتے ہوںیا اپنے کچن کی ازسرِ نو تزئین کروانے میںدلچسپی رکھتے ہوں، اس سے متعلق دانشمندانہ فیصلہ کرنے کیلئے یہ جاننا ضروری ہے کہ اس مقصد کیلئے کس قسم کی لکڑی بہترین رہے گی۔ ضروری نہیںہے کہ اس کیلئے آپ کو لکڑی کی تمام اقسام کے بارے میں معلومات ہوں، تاہم لکڑی کی چند مشہور اور پائیدار اقسام کے بارے میں آپ کو پتہ ہونا چاہیے۔

کچھ لوگ یہ بھی سوچ سکتے ہیں کہ لکڑی تو لکڑی ہوتی ہے ، اس کی اقسام سے کیا فرق پڑتا ہے! لیکن ایسا نہیں ہےکیونکہ جب درختوں کی سینکڑوں اقسام ہیں تو پھر لکڑی کی بھی سینکڑوں اقسام کا ہونا اچنبھے کی بات نہیں۔ قدرتی طور پر مختلف اقسام کی لکڑی کی اپنی منفرد شکل، خصوصیات اور پہلو ہوتے ہیں۔ ویسے تو شاہ بلوط ، چیڑ، دیودار اور مہوگنی بہت مقبو ل ہیں ، لیکن آپ اخروٹی لکڑی کے ٹیکسچر اور بھرپور برائون رنگ کی وجہ سے اسے نظر انداز نہیں کرسکتے۔ ا س میں کوئی شک نہیں کہ اخروٹ کے درخت سے حاصل شدہ لکڑی اپنی مثال آپ ہے، جس سے بنائی گئی اشیاپائیدار اوردلکش ہوتی ہیں۔

اخروٹی لکڑی بھی چند اقسام کی آتی ہے، لیکن چونکہ سب ہی کو اخروٹی لکڑی کہا جاتاہے ، لہٰذا اس کی جتنی اقسام ہیں اتنے ہی تجربات سے لوگ گزرتے ہیں۔ لکڑی کی اس قسم کو خشک کرنے اور رنگنے سے مضبوطی بھی بہت مختلف ملتی ہے۔ اخروٹ کے درخت کو کاٹ کر اس سے حاصل شدہ لکڑی کوتیزی سے سکھائیں تو یہ خشک ہو کر بھورے رنگ کی ہو جاتی ہے۔ دوسری طرف اگر اخروٹی لکڑی کو ہوا میں خشک کیا جائے تو یہ گہرے جامنی رنگ کی ہوجاتی ہے اور اس کو استعمال کرکے خوبصورت آئٹم تخلیق کیے جاسکتے ہیںاور تزئین و آرائش کی عمدہ اشیا حاصل ہوسکتی ہیں۔

اخروٹی لکڑی کی سب سے اہم خصوصیت اس کا سخت ہونا ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ گھر میں تزئین و آرائش کیلئے اپنا ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔ اخروٹی لکڑی کی کچھ اقسام کچن اور اس کے کائونٹر میں استعمال کرنے کیلئے مہنگی ثابت ہوتی ہیں، تاہم اپنے کچن کی خوبصورتی بڑھانے کیلئے اسے آپ استعمال کرسکتے ہیں۔ مزید یہ کہ اخروٹی لکڑی کا فرنیچر بھی آپ کے گھر کی شان بڑھا دیتاہے۔

اخروٹی لکڑی کی مضبوطی، خوبصورتی اور پائیداری کی وجہ سے اسے صدیوں سے استعمال کیا جارہاہے۔ اس کے دل لبھاتے رنگ اور شیپ فرنیچر کیلئے بڑے مقبول ہیں۔ جنگ عظیم اوّل کے دوران یہ دریافت ہوا کہ بندوق کے بٹ کیلئے یہ بہترین لکڑی ہے اور اس پر عمدگی سے گرفت کی جاسکتی ہے۔ آج بھی اخروٹی لکڑی سے بنی بندوقوں کی بہت مانگ ہے ۔

اخروٹی لکڑی کا گھروں میں کئی طرح سے استعمال کیا جاسکتاہے، سائبان یا چھجا بنانے کیلئے یہ زبردست مضبوطی فراہم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ اس لکڑی کے بنے گٹار بھی مہنگے داموں فروخت ہوتے ہیں۔

گھرکی سجاوٹی اشیا کے علاوہ اگر آپ کی جیب اجازت دے تو آپ اخروٹی لکڑی سے فرش ، کچن کیبنٹ اور پرت بنوا سکتے ہیں۔ بے شک یہ سب جیب پر بھاری پڑے گالیکن ایسا کرنے سے آپ کے گھر کو چار چاند لگ جائیں گے۔

اخروٹی لکڑی کی اقسام

ویسے تو اخروٹی لکڑی کی کئی مشہور اقسام ہیں، جن میں سے چند ایک کا ذکر کرتے ہیں۔

انگلش وال نٹ ووڈ

اخروٹی لکڑی کی یہ وہی عام قسم ہے، جو ہم کھانے والے اخروٹ کے درخت سے حاصل کرتے ہیں۔ اسے سرکازین وال نٹ، فرنچ وال نٹ، کامن وال نٹ اور یورپین وال نٹ وغیرہ کے ناموں سے بھی پکا ر ا جاتا ہے۔ اس کے جنگلات مغربی ایشیا اور مشرق یورپ میں پائے جاتے ہیں۔ اس کے درخت 35میٹر تک لمبے اور 2میٹر تک چوڑے ہوتے ہیں۔

بلیک وال نٹ

سیاہ اخروٹی لکڑی بہت مضبوط ہوتی ہے اوربہت زیادہ دبائو برداشت کرنے کی صلاحیت کی وجہ سے پسند کی جاتی ہے۔ امریکا میں یہ بہت مستعمل ہے ۔ اس کے درخت 37میٹر تک لمبے ہو سکتے ہیں مگر اس کا تنا 0.6سے ایک میٹر تک موٹا ہوتاہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ سیاہ اخروٹی لکڑی بآسانی دستیاب ہوتی ہے اور گھر کے استعمال کیلئے جیب پر زیادہ بھاری نہیں پڑتی ۔ کم قیمت ہونے کی وجہ سے لوگ اس کے کیبنٹ ، انٹیریئر پینل، فرنیچر اور آرائشی آئٹمزشوق سے بنواتے ہیں۔

کارلو وال نٹ ووڈ

اسے کیلیفورنیا بلیک وال نٹ بھی کہتے ہیں اور یہ تقریباً بلیک وال نٹ ووڈ جیسی ہی ہوتی ہے۔ اس کے درخت 9سے18میٹر بلند اور1سے 1.5میٹر چوڑے ہوتےہیں۔ اس کا رنگ ہلکے برائون سے چاکلیٹ برائون تک کا شیڈ دیتا ہے۔بلیک وال نٹ کے مقابلے میں یہ قدرے مہنگی ہوتی ہے۔اس سے بنے ہوئے فرنیچر اور آئٹمز آپ کے گھر کی شان بڑھا دیتے ہیں۔