ڈیلس اور ہیوسٹن میں میوزیکل کنسرٹ

May 13, 2019

گزشتہ دنوں ڈیلس میں بالی وڈ کے معروف گلوکار سونو نگم اور گلوکارہ نیہا ککر کا میوزیکل کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا۔جسے اے زی انٹرٹینٹمنٹ کے اظہر قاسمی کے تعاون سے پیش کیا گیا جبکہ آرگنائزر مولیب میڈیا کے روح رواں محمد عباس منتظمین میں شامل تھے۔ منتظمین نے ہاؤس فل سولڈ آؤٹ کنسرٹ پیش کرکے ڈیلس میں شو بزنس کی ایک اور تاریخ رقم کرڈالی۔ ہال میں ہر جانب انسانوں کا سمندر تھا جس نے اتوار کےشو کو اس بھرپور طریقے سے کامیاب بنایا کہ انٹرنیشنل پرموٹر بھی دنگ رہ گئے۔دونوں گلوکاروں نے زبردست پرفارمنس دی ،پر موٹرز کا کہنا تھا کہ انڈین اور پاکستانی شائقین نے سنگیت کو جو مان دیا اس نے ثابت کردیا کہ موسیقی کی کوئی سرحد نہیں۔ سونو نگم بھی اس جذبہ کو دیکھ کرحیران رہ گئے۔ دوسری جانب ہیوسٹن میں بھی شو منعقد ہوا جوکہ پرموٹر ریحان صدیقی کی کاوشوں سے منعقد ہوا، اس شو میں کانگریس کی رکن شیلا جیکسن لی خصوصی طور شریک ہوئیں اور انٹرنیشنل اور مقامی پرموٹروں کے ہمراہ آنے والے دونوں گلوکاروں کو بھی کانگریس کی جانب سےتہینتی سرٹیفکیٹ پیش کیےگئے۔ رکن کانگریس نے اس موقعے پر اپنے خطاب میں کہا کہ امریکاملٹی کلچرل ملک ہے اور ہم تمام کلچر کواور اسے پرموٹ کرنے والوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

دوسری جانب ڈیلس میں اپنے مداحوںاور میڈیا سےگفت گوکرتے ہوئے گلوکار سونو نگم کا کہنا تھا کہ وہ رب کے شکر گذار ہیں کہ انہیں سب کچھ ملا جس کی انہیں طلب تھی۔ انہوں نے کہا کہ انسان کی خواہشات کبھی ختم نہیں ہوتیں۔ اس لیے وہ اپنی ان خواہشات کا غلام نہیں بننا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ کئی گلوکار اچھا گاتے ہیں مگر انہیں کبھی چانس نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اسڑیٹ پر جو گانا گایا تھا اس کےلیے پانچ گھنٹےانہوں نے شاہراہوں کی خاک چھانی ۔انہوں نے کہا کہ میں محمد رفیع کو اپنا روحانی استاد اور گرو مانتا ہوں۔