جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے ترمیمی بل کی تحریک منظور

May 13, 2019

قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لیے آئینی ترمیمی بل کی تحریک بحث کے لیے منظور کرلی گئی، ن لیگ نے بل کی مخالفت اوراحتجاج کیا ،جبکہ پی ٹی آئی اور پی پی پی نے بل کی حمایت کردی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس آج اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت شروع ہوا جس میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی نےجنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی تحریک پیش کی جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔

جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے حوالے سے اپوزیشن دو حصوںمیں تقسیم نظر آئی، جہاں پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی حامی تھی وہیں مسلم لیگ ن نے تحریک کی مخالفت کی۔

اسمبلی اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے ارکان نے نشستوں پر کھڑے ہوکر احتجاج کیا، ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن بہاولپور اور جنوبی پنجاب کے نام سے دو صوبے چاہتی ہے۔

واضح رہے کہ آج ہورہے قومی اسمبلی کے اجلاس میں آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پیکیج پر بھی گرما گرم بحث کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ حالیہ بارشوں سے تباہ فصلوں اور پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی آج ایوان میں پیش کئے جائیں گے۔