کینسر کے باعث پیگی لپٹن 72 برس کی عمر میں دنیا سے چل بسیں

May 14, 2019

لاس اینجلس(ایجنسیاں)امریکی اداکارہ، ماڈل وگلوکارہ پیگی لپٹن 72 برس کی عمر میں دنیا سے چل بسیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی فلم، ٹی وی اور سٹیج کی معروف اداکارہ پیگی لپٹن کی موت کی تصدیق ان کی بیٹیوں اداکارہ کیڈاڈا اور رشیدہ جونس نے اپنے ایک بیان میں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ماں کینسر کے عارضے میں مبتلا تھیں جس کے باعث ان کی موت ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ماں کے ساتھ گزارے گئے ہر لمحے کے لئے خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں، ہم اپنے جذبات کا اظہار لفظوں میں بیان نہیں کرسکتے لیکن ہم اتنا ضرور کہیں گے کہ وہ ہمارے لئے ہمیشہ اس دنیا میں ان کے لئے مشعل راہ اور ہماری زندگیوں کا اہم حصہ رہیں گی۔ پیگی لپٹن کی معروف ٹی وی سیریز میں ’’ٹوئن پیکس ‘‘ اور ’’دا موڈ سکواڈ ‘‘ شامل ہیں۔