پاکستان ہاکی میں تبدیلی، ایشین تھروبال چیمپئن شپ

May 14, 2019

اسپیشل کھلاڑیوں کے اعزاز میں ہونے والی تقریب میں کمشنر کراچی افتخار شلوانی اور ڈاکٹر اختیار بیگ کے ساتھ لیا گیا گروپ

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری شہباز احمد کو ان کے عہدے سےہٹا دیا گیا، ان کی جگہ آصف باجوہ نے چارج سنبھال لیا ہے،سابق سکریٹری نے الزام لگایا ہے کہ انہوں نے استعفی نہیں دیا، پی ایچ ایف کے صدر خالد کھوکھر نے پیپلز پارٹی دور کے آصف باجوہ کو ہاکی فیڈریشن کا نیا سیکرٹری بنا دیا جن کے دور میں قومی ٹیم پہلی بار ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہیں کرسکی تھی،اگر ان الزامات کا جائزہ لیا جائے تو خود شہباز احمد کا دور کیسا رہا ہے اس حوالے سے بھی انہیں حقائق سامنے لانا چاہئے،ہاکی کے حلقوں کا کہنا ہے کہ ان کا دور اقربا پروری، سیاست اور سازش سے بھرا ہوا ہے ،بہر حال کچھ بھی ہو، پاکستان ہاکی میں اب بھی احتساب کے علاوہ بہت بدلنے کی ضرورت ہے، آ صف باجوہ دوسری بار اس منصب پر آئے ہیں، انہیں سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا، کراچی اور سندھ میں ہاکی کے تنازع کو حل کرنا ہوگا، اپنے مخالفین کی تعداد میں اضافہ کے بجائے ہر ایک کا احترام کر کے انصاف کے ساتھ کام کرنا ہوگا، نیک نیتی سے ٹیم انتظامیہ کی تقرری کرنا ہوگی، سلیکشن کمیٹی میں اچھے لوگوں کو لانا ہوگا٭کراچی گیمز ڈسٹرکٹ ملیر کی جیت کے ساتھ ختم ہوئے جس نے1077پوائنٹس حاصل کئے، ایسٹ نے دوسری اور سینٹرل نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی، ان مقابلوں کا افتتاح وزیر اعلی سندھ کے مشیر نواب علی وسان نے کیا، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کھیلوں کی ترقی ضروری ہے، حکومت گراونڈز پر قبضے واگزار کرائے گی، بے نظیر ہاوسنگ اسکیم میں کھلاڑیوں کو بھی پلاٹ دیے جائیں گے

جبکہ کراچی میں فلیٹ فراہم کریں گے، کراچی گیمز کی طرز پر سندھ بھر میں مقابلےکرائے جائیں گے، گیمز کے اختتام پر ڈی ایم سی ویسٹ کے چیئرمین اظہار احمد خان نے انعامات تقسیم کئے اس موقع پر خالد رحمانی، اسلم خان، قدسیہ راجہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا، ان مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں نے میڈلز اور شرٹس پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ان کا کہنا ہے کہ ڈیلی الائونس کے حوالے سے بھی کھلاڑیوں نے شکایت کی ، حیرت انگیز طور پر ان کھیلوں میں ا کا ایونٹ ہی نہیں رکھا گیا،قومی کھیل ہاکی میں مردوں کا ایونٹ غائب تھا، خواتین مقابلے کو محض رسمی انداز میں کرایا گیا، نان اولمپک گیمز کو زیادہ اہمیت دی گئی، میڈیا کو نتائج کے حصول میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، صرف تین روز میں ان مقابلوں کو کراکر بوجھ اتارا گیا،کراچی گیمز کے انعقاد میں کھیلوں کی معروف شخصیت اسلم خان کی کاوش بہت زیادہ نمایاں ہے مگر ان کی موجودگی میں اس قسم کی شکایت کا سامنا آنا خود ان کی ساکھ کو متاثر کرنے کے مترادف ہے،جس پر انہیں خود توجہ دینا چاہئے تاکہ اگلے مقابلوں میں اس قسم کی شکایات کا ازالہ ہوسکے

پاکستان اسنوکر فیڈریشن کے چیئرمین عالم گیر شیخ،وفاقی وزیر ڈاکٹر فہیمدہ مرزا کے ساتھ

٭بین الصوبائی رابطے کی وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان بلئیرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے مالی مسائل کو حل کرنے میں بھر پور تعاون کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پاکستان بلئیرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی این کے چیئرمین عالم گیر شیخ سے ملاقات میں کیا جس میں عالم گیر شیخ نے وفاقی وزیر کو ایسوسی ایشن کی مالی مشکلات اور کھیلوں کے حوالے سے اپنے پلان سے آگاہ کیا،انہوں نے بتایا کہ مالی مسائل کے باوجود اسنوکر کے کھلاڑی عالمی اور ایشیائی ایونٹ میں ملک کے لئے میڈلز حاصل کررہے ہیں،تاہم انہیں ان مقابلوں میں بھیجنے کے لئے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ ملک کے چاروں صوبوں میں اسنوکر اکیڈمیز قائم کی جائے اس سلسلے میں وہ صوبائی حکومتوں سے بھی بات کریں گی٭ازبکستان کی ہاکی ٹیم ان دنوں پاکستان کے دورہ پر ہے، جو پاکستان ڈیولمپنٹ اسکوارڈ کے خلاف اور پنجاب کی مقامی کلب کی ٹیموں کے خلاف ایکشن میں ہیں، اس دورہ کے میچز صرف ایک شہر میں کرانے پر ہاکی کے حلقوں نے سخت بر ہمی کا اظہار کیا ہے جبکہ کئی سابق ہاکی اولمپئنز نے پاکستان ڈیولمپنٹ اسکوارڈ کے انتخاب کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم میں کئی باصلاحیت کھلاڑیوں کو نظر انداز کیا گیاہےاور من پسند کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا٭قومی تھروبال ٹیم ملائشیا میں ہونے والی ایشین تھرو بال چیمپئن شپ میں حصہ لے گی جو26سے29جولائی تک کھیلی جائے گی، پاکستان اور ایشین تھروبال فیڈریشن کے سکریٹری مقبول احمد نے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں قومی ٹیم کے انتخاب کے لئے کراچی میں ابتدائی ٹرائلز ہوگئے ہیں جبکہ12جون کو لاہور میں ٹرائلز لیا جائے گا جس کے بعد جولائی کے پہلے ہفتے میں ٹیم کا اعلان کیا جائے گا جس کے بعد 15روز کا کیمپ ناظم آباد منی اسپورٹس کمپلکس میں لگا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ جون میں ایشین فیڈریشن کی کانگریس کا اجلاس ملائیشیا میں ہوگا جس میں ایشیا کے حوالے سے کئی امور پر غور ہوگاانہوں نے بتایا کہ پاکستان کے کوچز26جولائی کو ملائیشیا میں ہونے والے سیمینار میں حصہ لیں گے۔