چَل پُوں، بَم چَخ

May 19, 2019

بچّوں کی طلسمِ ہوش رُبا

تسہیل و تلخیص:غُلام محی الّدین

صفحات: 170

قیمت: 350 روپے

ناشر:فرید پبلشرز، کراچی

گزرے وقتوں میں داستانیں سُننا اور سُنانا شوق بھی تھا اور فن بھی۔ان دونوں کی یک جائی نے داستانوں اور داستان گوئی کو خُوب فروغ دیا۔ یوں تو ادب، خاص طور پر اُردو ادب میں بہت سی داستانیں مشہور ہوئیں۔ مثلاً’’بوستانِ خیال‘‘،’’الف لیلہ‘‘،’’داستانِ امیر حمزہ‘‘ وغیرہ وغیرہ۔ تاہم، ناقدین کے مطابق ’’طلسمِ ہوش رُبا‘‘ مقبولیت کے اعتبار سے سرِفہرست ہے کہ کئی جِلدوں پر محیط اس داستان کے کئی ایڈیشن شایع ہوئے۔ ممتاز نقّاد ،محمّد حسن عسکری نے ماضی قریب میں اس داستان کی تلخیص’’انتخابِ طلسمِ ہوش رُبا‘‘ کے عنوان سے پیش کی تھی۔ یہ سب کچھ تو بڑوں کے لیے تھا،لیکن روزنامہ جنگ سے کئی عشروں تک وابستہ رہنے والے ممتاز و معروف صحافی، غُلام محی الدّین نے اس مشہور داستان کو اختصار کے ساتھ آسان زبان میں بچّوں کے لیے پیش کیا ہے۔ اس مشہور ترین داستان کی زبان کو آسان کرنا کوئی آسان کام نہ تھا،تاہم، غُلام محی الدّین اس مشکل منزل سے بہت عُمدگی سے گزرے ہیں۔ کتاب میں داستان کی مناسبت سے تصاویر کی اشاعت نے اسے بچّوں کے لیے اور بھی دِل چسپ بنا دیا ہے۔ اُمید ہے کہ اس کاوش کو پسندیدگی کی نظر سے دیکھا جائے گا۔