افطاری میں بنائیں کچھ منفرد پکوان

May 15, 2019

عاتکہ عمر

ایک ہی طرح کی افطاری کھا کر گھر والے جلد بے زار ہو جاتے ہیں ، بچوں سے لے کر بزرگوں تک افطاری کے حوالے سے سب کی نت نئی فرمائشیں ہوتی ہیں۔ ان فرمائشوں کو پورا کرنے کے لیے خاتون خانہ تقریباً ہر روز نت نئی چیزیں بناتی ہیں تاکہ گھر والوں کی افطار یاد گار بن سکے۔ اسی لیے ہم نے سوچا کہ آج آپ کو افطار کے حوالے سے چند چٹ پٹی چیزیں بنا نا سکھائیں جن سے آپ کی افطار کا مزا دوبالا ہو سکے۔

چکن کے پکوڑے

اجزاء:مرغی کا گوشت بون لیس لے کر چھوٹی چھوٹی بوٹیاں کر لیں اور ایک بھاپ دیں۔ بیسن ایک پائو، نمک، لال مرچ حسب ذائقہ، کھانے کا سوڈا تھوڑا سا، چاٹ مسالہ ایک چائے کا چمچہ ، ہرا دھنیا، ہری مرچ کٹی ہوئی ایک کپ۔

ترکیب:پکوڑوں کے لیےجس طریقے سے بیسن کا آمیزہ بناتی ہیں، اسی طرح تیار کر لیں اور اس میں مرغی کی بوٹیاں شامل کر کے پکوڑوں کی طرح تل لیں۔ مرغی کے پکوڑے تیار ہیں۔

ریشمی رومالی سموسے

اجزاء:مرغی کا گوشت ایک پائو، گائے کا گوشت ایک پائو بوٹیوں کی شکل میں، نمک، لال مرچ حسب ذائقہ، باریک کٹی پیاز تین عدد، ہرا دھنیا ایک گٹھی، ہری مرچ چارعدد، ادرک باریک کٹی ہوئی تھوڑی سی۔

ترکیب:مرغی اور گائے کے گوشت کو ادرک، لہسن اور دارچینی ڈال کر اُبال لیں۔ پھر دونوں کو الگ الگ جوسر بلینڈر میں ڈال کر صرف ایک مرتبہ چلائیں۔ دونوں گوشت بال کی طرح ہو جائیں گے۔ باقی تمام اشیاء کو قیمہ میں ملا دیں اور پھر سموسے کی پیٹیس میں ڈال کر تکون شکل نہ بنائیں بلکہ رومال کی طرح چاروں طرف سے موڑ لیں اور پھر تل لیں۔

پنیر کے رول

اجزاء:پنیر ایک پائو، بند گوبھی باریک کٹی ہوئی ایک پائو، نمک حسب ذائقہ، کالی مرچ پسی ہوئی دو کھانے کے چمچے، شملہ مرچ کٹی ہوئی ایک کپ۔

ترکیب:بند گوبھی اور شملہ مرچ کو پنیر میں ملا دیں۔ نمک اور کالی مرچ بھی ڈال دیں پھر اس آمیزے کو رول کے اندر بھر کر گھی میں تل لیں۔ ان رولوں کو گھی میں تلنا ضروری ہے۔ بغیر تلے رول فریز بھی کر سکتی ہیں۔

لونگ چڑے

اجزاء:بیسن ایک پائو، نمک حسب ذائقہ، کھانے کا سوڈا تھوڑا سا۔

اجزاء برائے چٹنی: دھنیا ایک گٹھی، پودینا ایک گٹھی، سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچہ، ہری مرچ چار عدد، لال مرچ پسی ہوئی حسب ذائقہ، نمک حسب ذائقہ، املی کی چٹنی آدھا کپ۔

ترکیب:بیسن کے اندر نمک، سوڈا ملا کر دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پھر پکوڑوں کی طرح بڑے بڑے تل لیں اور گرم پانی میں ڈالتی جائیں۔ تھوڑی دیر بعد نکال کر پکوڑوں کو نچوڑ لیں اور چٹنی کی تمام اشیاء کو ملا کر پیس لیں اور لونگ چڑوں پر ڈال دیں۔

مکس فروٹ چاٹ

اجزاء:کیلے چھ عدد، خربوزہ ایک عدد،پپیتا آدھا، سیب دو عدد ، چیکو کٹا ہوا ایک پائو، لیموں دوعدد، کالی مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچہ، کالا نمک پسا ہوا، سفید نمک حسب ذائقہ، چاٹ مسالہ ایک کھانے کا چمچہ۔

ترکیب:سوائے کیلے اور سیب کے تمام پھل کاٹ کر آپس میں ملا لیں اور فریزر میں رکھ دیں۔ افطار سے دس منٹ پہلے اس میں کیلے اور سیب کاٹ کر ڈال دیں اور اوپر سے لیموں نچوڑ کر کالی مرچ، نمک، چاٹ مسالہ ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں۔ اگر آپ کریم شامل کرنا چاہتی ہیں تو کریم اوپر سے ڈال دیں، چاٹ میں مکس نہ کریں۔

آلو کے کٹلس

اجزاء:آلو ایک کلو اُبال کر میش کر لیں، نمک، لال مرچ حسب ذائقہ، گرم مسالہ پسا ہوا دو کھانے کے چمچے، ہرا دھنیا، ہری مرچ، ادرک باریک کٹی ہوئی ایک کپ، انڈے چار عدد پھینٹ لیں، قیمہ ایک پائو اُبال لیں اور اس میں دو چمچے چاٹ مسالہ ملا دیں۔

ترکیب:میش کئے ہوئے آلوئوں کے اندر دوسرے تمام مسالہ جات ملا کر بیضوی شکل کے کٹلس بنا لیں اور اندر قیمہ بھر دیں۔ پھر کٹلس کو انڈے کے آمیزے میں ڈبو کر فرائی پین میں تل لیں۔ مزیدار کٹلس تیار ہیں۔

قیمے کے سموسے

اجزاء : قیمہ ایک کلو، نمک حسب ذائقہ ، پسی لال مرچ حسب ذائقہ، سفید زیرہ دو کھانے کے چمچے دارچینی کے ٹکڑے تین عدد۔ پیاز ایک عدد(باریک کٹی ہوئی )،ہرا دھنیا آدھی گٹھی (باریک کاٹ لیں )،ہری مرچ چار عدد (باریک کاٹ لیں ) ، ادرک ایک ٹکڑا( باریک کٹا ہوا)، گرم مسالہ پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ۔

ترکیب : قیمہ میں نمک مرچے، دار چینی کے ٹکڑے ڈال کر اُبال لیں اور بالکل پانی خشک کرلیں ٹھنڈا ہونے پر تمام چیزیں قیمے میں ملادیں اورسموسے بنانے کے لیے پرت میں بھر کر سموسے تیل میں تل لیں ۔آپ یہ سموسے بنا کر فریز بھی کرسکتی ہیں ۔

دہی پھلکی

اجزاء : بیسن ایک پائو، میدہ آدھا کپ، نمک حسب ذائقہ، سوڈا تھوڑی سی مقدار میں،کابلی چنے اُبلے ہوئے دو کپ، چاٹ مسالہ حسب ِضرورت

اجزا برائے دھی: دھی آدھا کلو نمک حسب ذائقہ ،پسی لال مرچ حسب ذائقہ، ادرک لہسن کا پانی آدھا کپ پودینہ و ہری مرچے پسی ہوئی آدھا کپ۔

ترکیب : بیسن اور میدہ میں نمک و سوڈا ملاکر اچھی طر ح پھینٹ کر دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں ،آمیزہ گھاڑا ہونا چاہیے ۔پکوڑوں کی طر ح تیل میںتل کر پانی میں ڈالتی جائیں ۔اس کے بعد دھی میں تمام اجزا ملا کر اُبلے ہوئے چنے شامل کرلیں اور چاٹ مسالہ ڈال کر مزیدار دھی پھلکی کا مزہ لیں ۔