مخملی ننھا سا کیڑا بیر بہوٹی

May 18, 2019

عائشہ یاسر

پیارے بچو! یہ تو آپ کو پتا ہےدنیا میں خدا کی خوبصورت مخلوقات کی کمی نہیں ۔ انسان محویت کے عالم میں انہیں دیکھتا رہتا ہے۔ان ہی مخلوقات میں ایک چھوٹا سا کیڑا بھی ہے ۔جس کو قدرت نے مخمل سے بناکر باغوں میں چھوڑ دیا ہے۔اس خوبصورت لال رنگ کے مخملیں کیڑے نما جاندار کو جنوبی ہند میں ’’بھربا بوٹی‘‘ ، ’’بیربہوٹی‘‘، ’’ بھربوٹی‘‘ کہا جاتا ہے ،اس کو تلگو میں ’’آرُدّراپُرگو‘‘اور شمالی ہند کی اردو ہندی میں’’رانی کیڑا‘‘(عربی) کاغنہ (فارسی) کرم عروسک (سندھی) مینھن وساوڑو کہا جاتا ہے ۔یہ انگریزی میں Red Velvet Miteکہلاتا ہے جب کہ سائنسی زبان میں Trombidium grandissimum کہا جاتا ہے ۔اس کا سائز بڑی مشکل سے آدھا انچ ہوتا ہے۔یہ کیڑا آرتھروپوڈا کی جماعت Arachnida سے تعلق رکھتا ہے،مکڑی بھی اسی جماعت سے تعلق رکھتی ہے۔

بیر بہوٹیاں مٹی میں رہتی ہیں اورسال کا اکثرحصہ زیرزمین ہی گزارتی ہیں۔یہ جاندارسال بھر دکھائی نہیں دیتے موسم گرما کی بارش کے بعد یہ سینکڑوں ہزاروں کی تعداد میں باہرنکل آتی ہیں۔

ان کی خوراک میں دیمک، چھوٹی مکڑیاں اور پھپوندی وغیرہ شامل ہیں’’بربہوٹی‘‘ صرف کچھ دنوں کے لئے زندہ رہتی ہے۔ ان کے انڈے گیلی زمین میںکچھ عرصہ قبل ہی محفوظ ہوجاتے ہیں۔ عام طور سے انڈوں سے بچے نکلنے کی مدت دو تا تین ماہ ہوتی ہے۔’’بھر بہوٹی‘‘شمالی ہند میں کثرت سے دکھائی دیتا ہے ،اکثر اوقات یہ کیچوؤں کیساتھ زمین کے اندر دبی حالت میں پایا جاتا ہے۔جب بارش ہوتی ہے تو یہ باہر نکل آتا ہے اسی لئے بعض علاقوں میں اس کو ’’برساتی کیڑا ‘‘ “Rain’s Insect.”بھی کہا جاتا ہے۔انہیں 8 پیر پائے جاتے ہیں لیکن انڈے سے نکلنے کے فوری بعد ان میں صرف چھ پیر ہی دکھائی دیتے ہیں۔

یہ چھوٹے چھوٹے کیڑوں ،Beetle کے انڈوں اور جراثیم کو کھا جاتا ہے،اس کا اہم کام فصلوں کی حفاظتہے، یہ کیڑے ماحول کو متوازن بنانے میں بھی اہم رول ادا کرتا ہے،اس کی غذا میں کئی حشرات اور مکڑی وغیرہ شامل ہے،یہ کیڑا سخت ماحول میں بھی زندہ رہ سکتا ہے آلودہ ماحول بھی اس پر اثر انداز نہیں ہوتا کیونکہ ان کے جسم میں Antifungal دافع فنجی سیال خارج ہوتا ہے اور ان کے خون Hemolymphمیں شامل ہوکر بیکٹیریا اورفنگس کے حملوں سے بچاتا ہے۔ اس سے لال رنگ کا تیل نکالا جاتا ہے جس میں کئی بیماریوں کا علاج موجود ہے ۔