شوبز انڈسٹری کے اُبھرتے اداکار

May 19, 2019

کہتے ہیں کہ ہر انسان میں کوئی نہ کوئی خوبی ضرور موجود ہوتی ہے، تاہم کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو ایک کے بجائے بےشمار خوبیوں کےمالک ہوتے ہیں۔ شوبز انڈسٹری میں ایسی کئی شخصیات موجود ہیں جن کے لیے عام طور پر’’ ملٹی ٹیلنٹڈ‘‘ جیسے الفاظ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ آج کا فنکار نہ صرف ایک اچھا اداکار ہے بلکہ کہیں وہ ماڈل ہے تو کہیں مصنف، کہیں گلوکار ہے تو کہیں پروڈیوسر یا ڈائریکٹر۔ یوں کہیں تو زیادہ بہتر ہوگا کہ آج کا اداکار ہر فن مولا ہے، اگر دیر ہے تو بس اس کے فن کو شناخت کرنے کی۔ آج ہم ان نوجوان اداکاروں کا ذکر کرنے جارہے ہیں، جو نہ صرف اسکرین پر جاندار اداکاری کے ذریعے اپنے مداحوں کا دل جیت لیتے ہیں بلکہ ان کی آواز کا سحر بھی مداحوں کو جکڑے رکھتا ہے۔ وہ اداکار کون سے ہیں، آئیے ایک نظر ڈال لیتے ہیں!

مہوش حیات

حال ہی میں ستارہ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ و گلوکارہ مہوش حیات کا شمار ان سیلیبرٹیز میں ہوتا ہے، جو آتے ہی چھاجاتی ہیں۔ مہوش حیات آج ملک کی ناموراداکارہ ہیں، اس کے ساتھ انھوں نے گلوکاری کے جوہر بھی دکھانے شروع کیے۔ ایک ہدایتکار اپنی فلم کی پیشکش لے کر مہوش کے پاس آئے ، انھوںنے مہوش حیات کو فلم کے لیے گانے کی پیشکش کی۔ فلم کا میوزک شیراز اپل دے رہے تھے۔ اس طرح مہوش حیات کے اندر چُھپی ہوئی گلوکارہ دریافت ہوگئی۔گلوکاری ان کے متاثر کن ذخیرے میں ایک خوبصورت اضافہ ہے، جس میں وہ خاصی کامیاب رہی ہیں۔ مہوش حیات نے ڈیبیو گانا ’تو ہی تو‘ گایا تھا۔ حال ہی میں وہ ویب سیریز کے لیےبطور اداکارہ وگلوکارہ کام کرچکی ہیں۔

فرحان سعید

فرحان سعید کا شمار ایسے گلوکاروں میں ہوتا ہے، جو پاکستان میں کروڑوں مداحوں کا دل جیتنے کے ساتھ ساتھ پڑوسی ملک میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑنے میں کامیاب رہے ہیں۔ انھوں نے پڑوسی ملک کی فلموں میں گلوکاری کا خواب دیکھا تھا جو کہ پورا ہوا۔ فرحان سعید نے وہاں نام وفا گانا گایا۔ ایک اور فلم میں انھوں نے شریا گوشال کے ساتھ گانا ’’تھوڑی دیر ‘‘ گایا، جوریلیز ہونے کے ساتھ ہی ایسا چھایا کہ دو دن میں کروڑوں مداح اسے دیکھنے پر مجبور ہوگئے۔ فرحا ن نے اپنے کیریئر کا آغاز گوہر ممتاز کے بینڈ ’جل‘ سے کیا تھا لیکن یہ انٹری اس و قت ہوئی جب عاطف اسلم اس بینڈ کو چھوڑ کر جاچکے تھے۔ ان کے دیگر مشہور گانوں میں پی جاؤں، روئیاں سجنا وغیرہ شامل ہیں۔

گوہر ممتاز

اپنی سریلی آواز سے لاکھوں دلوں پر حکمرانی کرنے والے پاکستانی گلوکار گوہر ممتاز اب ڈرامہ ہی نہیں بلکہ فلم انڈسٹری کے بھی کامیاب اور ابھرتے اداکاروں کی فہرست میں شامل ہوچکے ہیں۔ گوہر کا ڈرامہ اور فلم انڈسٹری میں بطور اداکار شامل ہونا ان کے مداحوں کے لیے خوشی کا باعث ہے۔ 2004ء میںگوہر نے گلوکار عاطف اسلم کے ساتھ’جل بینڈ‘ بنا کر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ اسی سال ان کی پہلی البم ’عادت‘ ریلیز ہوئی۔ اس کےبعد2007ء میں ان کی دوسری البم بوند کےآنے کے بعد لوگ ان کی پُرکشش آواز کے دیوانے ہوگئے۔ گوہر نے بطور گلوکار سپر ہٹ گانے بھی گائے جن میں سجنی، ہمیں اتنا پیار اور تنہائی وغیرہ شامل ہیں۔ گوہر پاکستان کے بہترین بیس گٹارسٹ میں سے ایک مانے جاتے ہیں۔

ہانیہ عامر

ہانیہ عامر کا شمار پاکستان شوبز انڈسٹری کے نئے ٹیلنٹ میں کیا جاتا ہے۔ ہانیہ کی اداکاری تو بعد میں مداحوں کو متاثر کرتی ہے، سب سے پہلے ان پر پڑتی پہلی نظرہی اداکارہ کی معصومیت اور گالوں پر پڑتے ڈمپلز کی اسیر ہوجاتی ہے۔ ہانیہ کی خوبصورتی کے ساتھ شاندار پرفارمنس نےمختصر عرصے میں شوبز میں خاص مقام پیدا کیا ہے۔ ہانیہ کے ڈرامے ہوں یا فلمیں، ان کی چلبلی طبیعت کے پیچھے چھپا ٹیلنٹ اپنا جادو ضرور جگاتا ہے۔ تاہم ہانیہ کے حوالے سے خوشی کی خبر یہ ہے کہ وہ اداکاری کے ساتھ گلوکاری کے میدان میں بھی جلوے بکھیرنے والی ہیں۔ جی ہاں !ہانیہ عامر اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کی دنیا میں بھی قدم رکھ چکی ہیں اور ان دنوں معروف گلوکار ساحر علی بگا کے ساتھ مل کر اپنا آڈیو ٹریک ریکارڈ کروارہی ہیں۔ دوسری جانب ہانیہ اپنے ڈراموں میں او ایس ٹی سنگر کے طور پر بھی شہرت حاصل کرچکی ہیں۔