بالوں کی کٹنگ کب کروانی چاہیے

May 19, 2019

یہ بات صدیوںسےمشہور ہے،’اگر بالوں کی کٹنگ پورے چاند کی تاریخوں کے دوران کروائی جائےتو بال تیزی سے بڑھتے ہیں‘، اب یہ حقیقت ہے یا محض افسانوی بات، پورے وثوق کے ساتھ کچھ کہا نہیں جاسکتا۔ بالوں کی کٹنگ اور بال بڑھنے سے متعلق ہیئر ایکسپرٹس کی رائے میں تضاد پایا جاتا ہے، کچھ ہیئر ایکسپرٹس اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ پورے سال کے دوران کچھ خاص سیزن ایسے ہوتے ہیں جو دوسرے سیزن کے مقابلے میں بالوں کی کٹنگ کے لیے سود مند ثابت ہوتے ہیں جبکہ کچھ اس بات سے اتفاق نہیں کرتے ۔

پیرس سے تعلق رکھنے والی ہیئر ایکسپرٹ چارلوٹ ٹولازی کہتی ہیں، ’’ویسے تو بالوں کی کٹنگ کروانے کا کوئی خاص دن یا موسم نہیں ہوتا لیکن میں ہمیشہ اپنے کلائنٹس کو یہی مشورہ دیتی ہوں کہ بالوں کی کٹنگ موسم گرما کی چھٹیوں سے پہلے کروائی جائے، ساتھ ہی یہ بھی کہا جاتا ہے کہ چھٹیوں کے دوران بالوں کو سمندر ی ہواؤں اور سورج کی شعاعوں سے محفوظ رکھا جائے‘‘۔ لیکن سوال یہ ہے کہ آپ کے بالوں کے لیے کیا مناسب ہے؟ کیونکہ کوئی بھی خاص وقت بالوں کی افزائش کے لیے متعین نہیں کیا جاسکتا۔

چارلوٹ ٹولازی بالوں کی کٹنگ اور پورے چاند سے متعلق باتوں سے اتفاق نہیں رکھتیں، ان کا کہنا ہےکہ یہ کسی طور ثابت نہیں کہ پورے چاند کی تاریخیں بالوں کے بڑھنے کا سبب بنتی ہیں کیونکہ اگر ایسا ہوتا تو عین ممکن ہے کہ دنیا بھر کے پارلر آدھی آدھی رات تک کھلے رہتے۔

چارلوٹ ٹولازی کا کہنا ہے کہ کوئی بھی موسم بالوں کے تیزی سے بڑھنے کا سبب نہیں بن سکتا، بالوں کے بڑھنے یا نموکی اوسط شرح0.5یا 1.5 سینٹی میٹر ماہانہ ہوتی ہے، جسے موسم کے سبب تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ تاہم، آپ کی صحت اورغذابالوں کی چمک اور خوبصورتی بڑھانے کا سبب بن سکتی ہیں ۔ اس لیے کسی بھی سیزن میں بھی بالوں کی کٹنگ کے لیے پارلر کا رُخ کیا جاسکتا ہے۔

انٹرنیشل بیوٹی ایکسپرٹ اور رائٹر ایشلے اوکو وسا کے مطابق بالوں کےتیزی سے بڑھنے کے لیے کسی خاص موسم یا سیزن کے بجائے بالوں کی ٹریمنگ کی جانب خاص توجہ دینا اور ان کی احتیاط ضروری ہے۔ ٹریمنگ کے ذریعے دو منہ کے بالوں سے بآسانی چھٹکارا حاصل کرنا ممکن ہوجاتا ہے لیکن اس کے لیے ضروری نہیں کہ آپ ہر چھ سے آٹھ ہفتے بعد ٹریمنگ کے لیے پارلر کا رُخ کریں۔ بالوں کی ٹریمنگ کے لیے آئیڈیل وقت ہر تین ماہ بعد ہے۔

ایشلےاوکووسا کہتی ہیں کہ بالوں کا تیزی سے بڑھنا آپ کی روزانہ لی گئی خوراک سے منسوب کیا جاتا ہے کیونکہ لمبے، گھنے اور چمکدار بالوں کا انحصار متوازن خوراک پر ہوتا ہے۔ جو خواتین تیزی سے اپنے بال بڑھانا چاہتی ہیں، ان کے لیے ضروری ہےکہ وہ دن میں 3مرتبہ پروٹین بطور غذا لیں۔ اس کے علاوہ ایسی غذاؤں کا استعمال کریں جن میں آئرن ،وٹامن ڈی اور زنک موجود ہو۔ بالوں کے تیزی سے بڑھنے کے لیے ایشلے پیلی مرچ، انڈے، سورج مکھی کے بیج، ایواکاڈو، آلواور اوئیسٹر (کستوری مچھلی) استعمال کرنے کا مشورہ دیتی ہیں۔

ایشلے مشورہ دیتی ہیں، ’’اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کے بال صحت مند، چمکدا ر، لمبے اور گھنے ہوں تو جتنا ممکن ہوسکے انھیں بلو ڈرائی، آئرن اور کرلنگ کرنے سے دور رکھیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ وہ ہیئر اسٹائل بنائےجائیں، جس کے لیے آپ کو بالوں کو ہیٹ دینے کی ضرورت نہ پڑے۔ ساتھ ہی بالوں کو روزانہ دھونے کے بجائے ہر دوسرے دن شیمپو کیا جائے اور ہفتے میں دو بار کنڈیشنر لگانے کو معمول بنایا جائے۔ بال دھونےکا انداز بھی بالوں کی نمو اور افزائش میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، لہٰذا جب بھی بال دھوئیں تو پہلے انگلیوں کی مدد سے 3منٹ تک سر کا مساج کریں۔ اس مساج کے ذریعے سر میں خون کی گردش تیز ہوجاتی ہے، جو نئے بال تیزی سے پیدا کرنے کا بھی سبب بنتی ہے۔ آپ چاہیں تو اس کے بعد کوئی ہیئر ماسک یا کنڈیشنر کا استعمال بھی بآسانی کرسکتی ہیں‘‘ ۔