رواں برس چند مخصوص زبانیں سیکھنے پر توجہ دیں

May 19, 2019

لسانی نفسیات کے ماہرفرینک اسمتھ کے بقول،’’ایک زبان آپ کی زندگی کے لیے درمیانی راستے کاتعین کرتی ہے جبکہ دو زبانیں اس راستے پر موجود تمام دروازوں کو کھولنے کا سبب بنتی ہیں‘‘۔

دنیا دن بدن پہلے سے کہیں زیادہ کثیر ثقافتی گروہوں پر مشتمل ہوگئی ہے۔ ایسے میں نئی زبانیں سیکھنے کا شوق، کیریئر میں لامتناہی مواقع کا باعث بن جاتا ہے۔ ماہرین کی رائے کے مطابق، کوئی بھی انسان صرف ایک نئی زبان ہی نہیں سیکھ رہا ہوتا بلکہ اس کے ذریعے اپنے کیریئر میں کامیابی کے مواقع بڑھا رہا ہوتا ہے۔ کسی نئی زبان کو سیکھنے کا فیصلہ کرنے سے پہلےسب سے مشکل اور اہم مرحلہ بے شمار زبانوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے۔ اگر آپ بھی یہ فیصلہ نہیں کرپارہے تو پریشان نہ ہو ں کیونکہ آج ہم آپ سے کچھ ایسی مخصوص زبانوں کا ذکر کر نے جارہے ہیں۔

انگریزی

اگر آپ عالمگیریت کے اس دور میں سکون کے ساتھ زندگی بسر کرنے کے خواہشمند ہیں تو انگلش اس کے لیے ایک لازمی جزو ہے۔ دنیا کے 67ممالک میں انگریزی کو سرکاری زبان کی حیثیت حاصل ہے، جن میں امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا سمیت دیگرممالک شامل ہیں۔ انگریزی کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دنیا بھر میں یہ سب سے زیادہ بولی اور سیکھی جانے والی زبان ہے۔ موجودہ دور میں روئے زمین پر کسی بھی انسان سے ابلاغ کے لیے آپ کو انگریزی زبان بولنی آنی چاہیے۔ پیشہ ورانہ زندگی میں کامیابی کے لیے بھی آپ کا اس زبان میں ماہر ہونا ضروری ہے۔ انگریزی زبان مختلف زبانوں کی اصلاحات اور معنی اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔ بیشترممالک کے باشندے دوسری زبان کے طور پر انگریزی کا ہی انتخاب کرتے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق مقامی طور پر انگریزی بولنے والے لوگوں کی تعداد 370ملین جبکہ غیر مقامی طور پر یہ تعدا د600ملین کے برابر ہے۔

فرانسیسی

کیا آپ جانتے ہیں کہ فرانسیسی زبان، فرانس سے زیادہ فرانس سے باہر بولی جاتی ہے؟ فرانس کی نو آبادیاتی تاریخ سے فرانسیسی زبان یورپ میں دوسری زبان (سیکنڈ لینگویج) کے طور پر مشہور ہے۔ دنیا بھر کے اسکولوں کے نصاب میں فرانسیسی زبان بطور غیر ملکی زبان پڑھائی اور سکھائی جاتی ہے۔ سرکاری طور پر اس زبان کے بولنے والوں کی تعداد80ملین ہے جبکہ غیر سرکاری طور پر153ملین افراد فرینچ بولتے ہیں۔ اگر آپ بیرون ملک (یورپ، کینیڈا اور افریقہ) میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں تو انگریزی کے ساتھ ساتھ فرانسیسی زبان بھی لازمی سیکھیں کیونکہ وہاں انگریزی کے بعد فرانسیسی زبان کو بھی خاص اہمیت حاصل ہے۔ سائنس، اقتصادیات اور سماجیات کے باب ہوںیا ان مضامین پر تحقیق، ہر عنوان فرانسیسی زبان کے بغیر ادھورا ساہے ۔

جرمن

یورپ کے کئی ممالک میں جرمن زبان کو وسیع اورمقامی زبان کا درجہ حاصل ہے۔ جرمن زبان یورپی یونین کی تین سرکاری زبانوں میں سے ایک جانی جاتی ہے۔ چونکہ یورپی ممالک میں جرمنی کو ایک مضبوط اور طاقتور معیشت کا درجہ حاصل ہے، اس لیے اس ملک کی زبان کا سیکھنا آپ کے کیریئر اور ملازمت کے حصول میں خاصا سود مند ثابت ہوسکتا ہے۔ مقامی طور پر اس زبان کے بولنے والوں کی تعداد 110ملین ہے جبکہ غیر مقامی طور پر 52ملین افراد جرمن زبان بولتے ہیں۔ اگر آپ بیرون ملک اسکالر شپ یا فیلو شپ حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں تو پھر جرمن زبان کا سیکھنا بے حد ضروری ہے ۔

چینی

بطور پاکستانی طالب علم آپ کو چینی زبان سیکھنے کے دگنے فوائد ہوسکتے ہیں، ایک تو آپ چین جاکر تعلیم حاصل کرسکتے ہیں اور دوسرا ملک میں جاری سی پیک منصوبے کے لیے آئے چینی باشندوں سے گفت و شنید کرسکتے ہیں۔ اس وقت پاکستان میں سی پیک کےجاری منصوبوں میں ان افراد کے لیے ملازمت کے مواقع زیادہ ہیں، جو چینی زبان میں مہارت رکھتے ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ ملازمتوں کی امید لئے پاکستانی نوجوانوں کی بڑی تعداد چینی زبان سیکھ رہی ہے ۔بیرون ممالک چینی زبان کی اہمیت اپنی جگہ ہے کیونکہ صرف چین میں اس کے بولنے والوں کی تعداد ایک ارب اور غیر مقامی طور پر200ملین ہے۔ چین دنیا بھر کی ایک ابھرتی ہوئی اور تیزی سے ترقی کرتی معیشت ہے، چنانچہ مختلف بین الاقوامی کمپنیاں اپنے ممالک کےلیے ایسے ملازمین کی تلاش میں ہیں، جو چینی زبان بولنا جانتے ہوں۔

عربی

وسیع اور ادبی جامع سرمائے کے سبب عربی کو دنیا کی 5ویں بڑی زبان کے طور پر جانا جاتا ہےدنیا بھر میں اس زبان کے بولنے والوں کی تعداد 420ملین سے زائد ہے۔ اگر آپ بھی مشرق وسطیٰ کےممالک میں کاروبار یا ملازمت کرنے کے خواہشمند ہیں تو عربی آپ کے لیے ایک بہترین زبان ثابت ہوسکتی ہے۔2017ء کی ایک رپورٹ کے مطابق، مقامی طور پرعربی بولنے والوں کی تعداد290ملین ہے جبکہ غیر مقامی طور پر 132ملین افراد عربی بولتے ہیں۔ اس زبان کو سیکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ایک قدیم اور ثقافت سے بھرپور زبان سیکھ رہے ہیں۔