رمضان میں مساجد کیلئے خصوصی سیکورٹی فراہم کی، میئر ہیوسٹن

May 18, 2019

میئر ہیوسٹن سلوسٹر ٹرنر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں عبادات کے مراکز پر حملوں کے بعد ہیوسٹن میں بھی ہر مذہب کی عبادت گاہوں خصوصاً ماہ رمضان میں مسلمانوں کی مساجد کیلئے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے ہیں، تاکہ مسلمان اپنے اس مقدس مہینے میں بلا خوف وخطر اپنے مذہبی فرائض سر انجام دے سکیں۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


سٹسرسٹی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ افطار ڈنر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر ہیوسٹن سلوسٹر ٹرنر نے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہیوسٹن کثیر الاقوامی شناخت کا حامل امریکا کا منفرد شہر ہے اور آج کا یہ عظیم رمضان افطار ڈنر اس حقیقت کا واضح ثبوت ہے کہ ہر رنگ ونسل اور مذہب وثقافت کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور اتحاد کے رشتوں میں مضبوطی سے بندھے ہوئے ہیں۔

سلوسٹر ٹرنر کا کہنا تھا کہ ہیوسٹن شہر کے مسلمان اہم جز ہیں اور وہ یہاں اہم عہدوں پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور یہ بات خوش آئندہ ہے کہ مسلمان تیزی سے سیاسی اور منتخب عہدوں پر اپنی جگہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی دو ہزار افراد کے لیے افطار ڈنر کے انعقاد پر ممتاز آئل ٹائیکون جاوید انور کے گرانقدر تعاون اور سٹسرسٹی کے صدر سعید شیخ سمیت ان کی ٹیم کے ارکان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ہیوسٹن میں مسلم سٹرس سٹی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام افطار ڈنر سے میئر ہیوسٹن سلویسٹر ٹرنر، اراکین کانگریس شیلا جیکسن، الگرین اور میزبان سعید شیخ، جاوید انور اور دیگر خطاب کر رہے ہیں، تقریب میں عمائدین شہرنے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر سعید شیخ نے افطار ڈنر کے انعقاد میں تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ جاوید انور نے ڈنر کے مہمان خصوصی میئر ٹرنر کو کمیونٹی کی طرف سے خوش آمدید کہا ۔

افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے خاتون رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں عبادت گاہوں پر حملوں کے بعد آج ہم سب کو مل کر اس عزم کا اعادہ کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم امن واتحاد کی شناخت رکھنے والے امریکا میں شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور نفرت اور تفریق اور دہشت گردی کے خلاف یک آواز ہوں۔

شیلا جیکسن لی نے کہا کہ ہمیں اپنے اتحاد سے ثابت کرنا ہے کہ امریکا میں نفرت وتفریق اور دہشت گردی کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے، بلکہ امریکی عوام قانون کی بالادستی اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور امریکی معاشرے میں رنگ ونسل اور مذہب کی بنیاد پر کسی کو بالادستہ حاصل نہیںہے۔

افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے رکن کانگریس ایل گرین نے مسلمانوں کو ماہ رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تمام مذاہب عظیم ہیں اور ہم اس بات کی اجازت ہرگز نہیں دینگے کہ کسی مذہب خصوصاً عظیم مذہب اسلام کو شبہ کی نگاہ سے دیکھا جائے اور اس کے ماننے والوں سے تفریق برتی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذہب کی عبادت گاہوں پر حملہ قابل مذمت ہے جو ہر کسی کیلئے دکھ اور افسوس کی بات ہے ۔

افطار ڈنر سے اسلامک سوسائٹی کے صدر سہیل سید سابق رکن سٹی کونسل مسرور جاوید خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر اراکین کانگریس کی طرف سے افطار ڈنر کی انتظامی کمیٹی کے ارکان کو تعریفی اسناد سے بھی نوازا گیا۔