’تیل و گیس کے ذخائر نہیں مل سکے‘

May 18, 2019

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر نے کہا ہے کہ کراچی کے قریب گہرے سمندر میں ڈرلنگ کے دوران تیل و گیس کے ذخائر نہیں مل سکے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں ندیم بابر نے کہا کہ کیکڑا ون کے مقام پر ساڑھے 5ہزار میٹر سے زیادہ گہرائی تک ڈرلنگ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ کے نتائج سے ڈی جی پیٹرولیم کنسیشنز کے آفس کو آگاہ کردیا گیا جبکہ کیکڑا ون میں ڈرلنگ کاکام ترک کردیا ہے۔

ندیم بابر نے مزید کہا کہ کیکڑا ون کے مقام پر اٹلی کی کمپنی ای این آئی کی قیادت میں جوائنٹ وینچرنےڈرلنگ کی۔

وزیراعظم کے مشیر پٹرولیم نے یہ بھی کہا کہ ڈرلنگ کے عمل میں امریکی کمپنی ایگزون موبل کےساتھ او جی ڈی سی اور پی پی ایل شامل تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈرلنگ کے منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 100 ملین ڈالر سے زیادہ کا رہا۔