معاشی صورتحال قومی سلامتی کیلئے خطرہ، قوم نااہل ٹولے کی رخصتی چاہتی ہے،شہباز شریف

May 19, 2019

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہےکہ معاشی صورتحال قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے ، نیازی حکومت ملکی امور چلانے میں مکمل ناکام ہوچکی ،قوم نااہل ٹولے کی رخصتی چاہتی ہے،شہبازشریف نے ایک بیان میں کہاکہ مہنگی بجلی ، پٹرول اور اشیاء ضروریہ میں غریب زندہ کیسے رہے گا ،وقت ثابت کر رہا ہے نیازی صاحب صرف گالیاں دے سکتے ہیں ،لیکن ملک گالیاں دینےسے نہیں چلتے، نالائق اور نااہل ٹولہ ملک و قوم پر تجربات کے بجائے گھر چلا جائے، قوم یہی تبدیلی چاہتی ہے۔شہبازشریف نےگیس کی قیمتوں میں مزید 45 فیصد اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گیس قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، اسے فوری واپس لیا جائے، گیس، بجلی، پیٹرول اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے، عوام کیسے زندہ رہیں گے؟ کاروبار کیسے ہوگا؟مہنگائی اور معاشی صورتحال دیکھتے ہوئے کم از کم تنخواہ 30 ہزار کی جائے، تنخواہ دار طبقے کو تنخواہ میں کم از کم 10 ہزار روپے کا فوری ریلیف دیا جائے۔