سوشل میڈیا پر گستاخانہ مہم، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلہ کیخلاف انٹراکورٹ اپیل دائر

May 19, 2019

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخانہ مہم کیخلاف آئینی پٹیشن کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی گئی ہے۔ ہفتہ کو دائر اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اپیل کنندہ نے آئینی پٹیشن میں استدعا کی تھی کہ عدالت آئی ایس آئی سمیت تمام فریقین کو حکم جاری کرے کہ وہ سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی کے مرتکب افراد کا سراغ لگاکر ان کیخلاف قانونی کارروائی کرے اورسوشل میڈیا پر گستاخانہ مہم کو مستقل طور پر روکنے کیلئے اقدامات کرے، لیکن چیف جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بنچ نے انکی استدعا کو نظرانداز کرتے ہوئے صرف چیئرمین پی ٹی اے کو سوشل میڈیا سے گستاخانہ مواد ہٹانے اور گستاخانہ پیجز بلاک کرنے کا حکم جاری کیا ہے،لہٰذا ڈویژن بنچ سنگل بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے فریقین کو گستاخانہ مہم میں ملوث افراد کا سراغ لگاکر ان کیخلاف قانونی کارروائی کا حکم جاری کرے۔