بھارت میں الیکشن ختم: مودی پھر آسکتے ہیں،ایگزٹ پول

May 19, 2019

بھارتی عام انتخابات کا آخری مرحلہ ختم ہونے کے بعد ایگزٹ پولز کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ مودی پھر آسکتے ہیں۔

بھارت الیکشن 2019ء میں آج آخری مرحلے میں 8ریاستوں کی 59نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔

بھارتی میڈیا نے الیکشن مراحل ختم ہوتے ہی ایگزٹ پول جاری کر دیے ہیں،جن میں وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحادیوں کی جیت کی پیشگوئی کردی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہندی بیلٹ کی ریاستوں سے بی جے پی کے 2014ءکی طرز پر ایک بار پھر کامیابی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی بنگال میں ممتا بینرجی کے قلعے میں بھی دراڑ کے آثار ہیں،جس کے بعد قوی امکان ہے کہ نریندر مودی ایک بار پھر بھارت کے وزیراعظم بن سکتے ہیں۔

ایگزٹ پول کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی 300 سے زائد نشستوں کے ساتھ پہلے جبکہ انڈین نیشنل کانگریس دوسرے نمبر پر رہے گی۔

بھارتی الیکشن کمیشن 7مرحلوں میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کا اعلان 23 مئی کو کرے گا۔