کراچی میں نگلیریا سے تیسری ہلاکت

May 20, 2019

کراچی میں نگلیریا سے ہلاکت کا تیسرا کیس سامنے آگیا، نجی اسپتال میں زیر علاج شعیب احمد صدیقی نامی شخص دم توڑ گیا۔

34 سالہ شعیب احمد صدیقی لیاقت آباد کا رہائشی تھا، رواں سال سندھ میں نگلیریا سے اموات کی تعداد تین ہوگئی اس سے قبل کھارادر کا 44 سالہ رہائشی رشید شاہ نگلیریا سے جاں بحق ہوگیا تھا۔

سال کا پہلا کیس اورنگی ٹاؤن سے سامنے آیا تھا جہاں 21 سالہ نوجوان انس اسلم خطرناک امیبا کی انفیکشن کے نتیجے میں چل بسا تھا۔

سندھ حکومت کی نگلیریا فاؤلری مانیٹرنگ کمیٹی کے فوکل پرسن ڈاکٹر ظفر مہدی کا کہنا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے پانی میں کلورین نہیں ملائی جارہی جس کی وجہ سے پانی میں خطرناک بیکٹیریا اور نگلیریا فاؤلری کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

کراچی میں چند سال قبل ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق نگلیریا فاؤلری اب رہائشی عمارتوں اور مساجد کے زیر زمین اور بالائی ٹینکوں میں بڑی تعداد میں موجود ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ پانی میں کلورین نہیں ملاتا تو عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے پانی کے ٹینک کی صفائی کم ازکم سال میں دو دفعہ کریں اور گرمیوں کے موسم میں پانی کو صاف کرنے کے لیے کلورین کی گولیاں استعمال کریں۔