پشاور ، ڈاکٹرز کی ایک اسپتال میں 2 روز کیلئے ہڑتال ختم

May 20, 2019

پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ڈاکٹروں کی جانب سے دو روز کے لیے ختم کی جانے والی ہڑتال کے بعد اوپی ڈی سروس چھٹے روز بحال کردی گئی، مریضوں کی بڑی تعداد علاج معالجہ کے لیے اسپتال کارخ کر رہی ہے۔

خیبر پختونخوا ڈاکٹر کونسل نے پیر اور منگل کو لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ہڑتال ختم کرنے کے اعلان کے بعد تمام سروسز بحال کردی ہیں ، ڈاکٹر اپنے شعبوں میں موجود ہیں اور مریضوں کو دیکھ رہے ہیں ، اس موقع پر مریضوں کی بڑی تعداداسپتال میں صبح سے ہی موجود ہے ۔

خیبر پختونخوا ڈاکٹر کونسل نے اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ پیر منگل کو دو روز کے لیے ہڑتال ختم کرکے تمام سروسز فراہم کی جائینگی جبکہ پشاور سمیت صوبہ کے تمام اسپتالوں میں ہڑتال جاری رہے گی۔

خیبر پختونخواڈاکٹر کونسل کے کنونیئر ڈاکٹر سراج الاسلام کے مطابق وزیر اعلیٰ نے 21 مئی کو مذاکرات کی تاریخ دی ہے جس کے بعد اگلی حکمت عملی طے کی جائے گی جبکہ ڈاکٹر کونسل نے مذاکرات میں وزیر صحت کو شامل نہ کرنے کی بھی شرط رکھی ہے۔