کراچی، کرکٹ میچ کے دوران جھگڑا، ایک شخص زخمی

May 21, 2019

کراچی کے علاقے گارڈن میں نائٹ کرکٹ میچ کے دوران جھگڑا ہو گیا، جھگڑا ختم کرانے کے لیے آنے والی پولیس پارٹی کی مبینہ فائرنگ سے عبدالقیوم نامی شہری زخمی ہوگیا، 5 اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موقع پر پہنچنے والے پولیس اہکاروں پر مشتعل افراد نے پتھراؤ کیا، جس سے ایک اے ایس آئی جہانزیب اور سپاہی شہزاد زخمی بھی ہوا، اگر زخمی شخص کو پولیس کی گولی لگی ہے تو وہ تحقیقات میں سامنے آجائے گا۔

اہل محلہ کا کہنا ہے کہ جھگڑے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار پہنچے، اور شدید ہوائی فائرنگ کردی۔

زخمی شخص کی بہن کا کہنا ہے کہ جھگڑا ایک روز پہلے بھی ہوا تھا، پولیس اہلکاروں نے ختم نہیں کرایا تھا تاہم آج پولیس آئی تو شدید فائرنگ کی اور گولی میرے بھائی کو لگی۔

واقعہ کی اطلاع ملنے پر تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی موقع پر پہنچے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کا کہنا ہے کہ زخمی شخص کو پولیس نے گولی ماری، واقعے میں ملوث پولیس والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

زخمی عبدالقیوم کو سول ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے جہاں اسکی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے، عبدالقیوم گارڈن میں ہی دھوبی کا کام کرتا تھا۔