الشمس، ٹائیگر اور اسٹار کی لیژر لیگز چیمپئن شپ میں نشست کنفرم

May 21, 2019

الشمس، ٹائیگر اور اسٹار فٹبال کلب نے لیژرلیگز سکس اے سائیڈ نیشنل چیمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

تینوں ٹیمیں بالترتیب لاڑکانہ، کنڈیارو اور نوشہرو فیروز کی نئی سٹی چیمپئن بن کر سامنے آئیں ہیں۔ فاتح ٹیمیں دوسرے سوکا ورلڈ کپ کھیلنے کی دوڑ میں بھی شامل ہوگئی ہیں جو رواں سال 12اتا 20اکتوبر کو یونان کے شہر کریٹ میں کھیلا جائے گا۔

سٹی فائنل کھیلنے کیلئے میونسپل اسٹیڈیم لاڑکانہ پر الشمس کلب نے باآسانی المہران ایف سی کو 3-1سے زیر کرکے لاڑکانہ کی سٹی چمپئن ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا ۔ نوشہروکے واپڈا فٹبال گرائؤنڈ پر اسٹار ایف سی اور فرینڈایف سی باہم مقابل تھیں۔

جہاں اسٹار ایف سی کو 1-0کی فیصلہ کن کامیابی حاصل ہوئی اور بحیثیت نوشہروفیروزچمپئن نیشنل لیگز میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔ ٹائیگر ایف سی کو سچل ایف سی پر 1-0کا غلبہ حاصل رہا ۔ سٹی گراؤنڈ پر دونوں ٹیموں نے عمدہ کارکردگی سے شائقین فٹبال کو اپنا گرویدہ بنایا۔

ٹائیگر ایف سی کو کنڈیارو چمپئن ہونے کی حیثیت سے نیشنل لیگز میں جگہ حاصل ہوئی۔نیشنل چمپئن شپ اس سال جولائی میں کراچی میں کھیلی جائے گی۔ جہاں76 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی جومتعدد شہروں کی نمائندگی کررہی ہیں۔

نیشنل چمپئن شپ کے اختتام پر ایک قومی چمپئن سامنے آئے گا۔جس کو یونا ن کے شہر کریٹ کا ٹکٹ ملے گااورجسے پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل بھی ہوگا۔چیئرمین ورلڈ گروپ محمود ٹرنک والا کا وژن ہے کہ اسے مزید وسعت دی جائے اور ہر سطح کے کھلاڑی لیثررلیگز کا حصہ بنیں ۔

تقریباً 20شہر ایسے ہیں جس میں صرف ایک ایک لیگز منعقد ہوئی ہے ۔بقیہ شہروں میں ایک سے زائد لیگز کا انعقاد کیا گیا ۔12 شہروں میں 76سٹی چمپئن ٹیموں کو گروپ اسٹیج پرکھلایا جائے گا۔ جس کے بعد ٹاپ 20ٹیمیں ناک آئوٹ کی بنیاد پر مدمقابل ہونگی۔