یورپین باشندوں میں مسئلہ کشمیر سے متعلق آگاہی مہم میں تیزی

May 22, 2019

کشمیرکونسل یورپ (ای یو) نے یورپ میں کشمیرپر ایک عرصے سے جاری اپنی ایک ملین دستخطی مہم کو تیز تر کردیاہے تاکہ یورپین باشندوں میں مسئلہ کشمیرخاص طورپر بھارتی مظالم کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا ہو۔

اس سلسلے میں منگل کے روز بلجیم کے دارالحکومت برسلزکے مرکزی ریلوے اسٹیشن (سنٹرل اسٹیشن) کے سامنے یورپ چوک میں ایک روزہ کیمپ لگایاگیا جس کے دوران بڑی تعداد میں لوگوں نے دستخطی مہم کی دستاویزات پر دستخط کرکے مظلوم کشمیریوں کی حمایت کا اظہار کیا۔

برسلز میں دستخطی مہم کی ٹیم متعدد سماجی شخصیات پر مشتمل تھی، جن میں چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید، سینئرکشمیری رہنماء سردار صدیق، ورلڈ کشمیر ڈائس پورہ الائنس یورپ کے صدر چوہدری خالد محمود جوشی، انفو کشمیر کے چیئرمین میرشاجہان، مقامی کونسلر چوہدری محمد ناصر، سید انصارالحسن اور مہرندیم قابل ذکر ہیں۔

پچھلے دوہفتوں کے دوران بلجیم تیسرا یورپی ملک ہے جہاں کشمیر کونسل ای یو نے مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں دستخط جمع کرنے کے لیے کیمپ لگایا ہے۔ اس سے قبل اس ماہ مئی کے اوائل میں آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن اور اسی ماہ کے اواسط میں پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں الگ الگ کیمپ لگائے گئے۔

برسلز میں ملین دستخطی کیمپ کے موقع پر چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضاسید نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کے خلاف اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کے لیے یہ ایک روزہ کیمپ لگایاگیاہے اور یورپ میں یہ سلسلہ اس وقت جاری رہے گا جب تک ایک ملین دستخط جمع نہیں ہوجاتے۔

انہوں نے حریت رہنماؤں شہید میر واعظ مولوی محمد فاروق، شہید خواجہ عبدالغنی لون اور حول کے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ ان عظیم شہداء کی قربانیاں رائیگان نہیں جائیں گی۔

برسلز میں دستخطی کیمپ کے دوران بتایا گیا کہ کس طرح بھارت نے سات دہائیوں سے مظلوم کشمیریوں کے حقوق کو غضب کیا ہوا ہے اور کس طرح وہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم جاری رکھے ہوئے جو انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی عوام مصائب کی زندگی بسر کررہے ہیں۔ آئے دن گرفتاریاں اور ظلم و ستم قابض بھارتی فورسز کا معمول کا کام بن گیا ہے۔

علی رضاسید نے یورپی یونین سے مطالبہ کیاگیاکہ وہ فوری طورپر آگے آئے اوربھارتی مظالم روکوانے کے لیے ضروری مداخلت کرے۔ یورپی یونین کو چاہیے کہ حقائق کی چھان بین کے لیے ایک خصوصی وفد مقبوضہ کشمیر روانہ کرے۔

بلجیم کے لوگوں نے کیمپ کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے مظلوم کشمیریو ں کے ساتھ اپنی ہمدردی اور یکجہتی کااظہارکیا۔ علی رضاسید اور کیمپ کے دیگر منتظمین نے اس عزم کااظہارکیاکہ نہتے اور پرامن کشمیریوں پر مظالم کے خاتمے تک ان کی حمایت اور ان کے ساتھ یکجہتی جاری رکھیں گے۔

کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے کہاکہ ہم مسئلہ کشمیرکے منطقی اور منصفانہ حل تک کشمیر کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے اور مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کے ذریعے رائے شماری کرائی جائے جس میں حصہ لے کر کشمیری عوام اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کریں۔