کراچی شپ یارڈ میں میری ٹائم پیٹرول ویسل کی لانچنگ

May 22, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

کراچی شپ یارڈ میں چین کے تعاون سے تیار کردہ میری ٹائم پیٹرول ویسل کی لانچنگ تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت تھے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق 1500 ٹن کی میری ٹائم پیٹرول ویسل پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے لئے چین کے تعاون سے کراچی شپ یارڈ میں تیار کی گئی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے بتایا کہ یہ جہاز اسٹیٹ آف دی آرٹ سینسرز اور آلات سے آراستہ ہے اور پاکستان کے دفاعی اثاثوں میں اہم اضافہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ جہاز سی پیک اور گوادر پورٹ کی سیکیورٹی میں اہم کردار ادا کرے گا ، اس جہاز کی تیاری کے بعد پاک بحریہ جہاز سازی کے شعبے میں خود انحصاری حاصل کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے میری ٹائم شعبے کے لیے کراچی شپ یارڈ کی خدمات قابل تحسین قرار دیں۔

قبل از یں مینیجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ رئیر ایڈمرل اطہر سلیم نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ نو تعمیر شدہ میری ٹائم پیٹرول ویسل پاکستان کی بحری حدود کے دفاع کے لیے میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور پاک بحریہ کی استعداد بڑھانے میں یہ مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے شپ یارڈ میں جاری منصوبوں بشمول پاک بحریہ کے لیے چار ہنگور کلاس آبدوزوں اور دو عدد ملجم کلاس کارویٹس کی تعمیر کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ ان کے لیے تیاریاں جاری ہیں تاکہ کام کے بروقت آغاز کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی شپ یارڈ خود انحصاری اور معیشت کی ترقی جیسے قومی اہداف کے حصول کے لیے کوشاں ہے اور پچھلے پانچ سالوں میں 15 مختلف جہاز تیار کر چکا ہے۔

تقریب میں حکومتِ پاکستان، پاک بحریہ ، چائنہ شپ بلڈنگ اینڈ ٹریڈنگ کمپنی، ہوانگ پو شپ یارڈ اور کراچی شپ یارڈ کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔