دارالصحت اسپتال اور نشوا کے والد میں صلح ہوگئی

May 22, 2019

نشوا ہلاکت کیس میں دارالصحت اسپتال اور بچی کے والدین میں صلح ہوگئی۔

غلط انجکشن سے جاں بحق ہونے والی بچی نشوا کے والد قیصر علی نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ نجی اسپتال کی انتظامیہ سے 3نکاتی معاہدہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نشوا کیس میں دارالصحت اسپتال اور والدین میں مصالحت ہوگئی ہے،بچی کے والد قیصر علی نے مقدمہ واپس لینے پر رضا مندی ظاہرکردی ہے۔

ذرائع کے مطابق طے شدہ معاہدے کے تحت 50لاکھ روپے سالانہ نشوا ٹرسٹ میں دیے جائیں گے،ٹرسٹ کی سفارش پر سالانہ ایک بچے کو فل اسکالر شپ دی جائے گی۔

معاہدے کے تحت اسپتال میں نشوا کے نام سے بچوں کا وارڈ قائم کیا جائے گا،والد نے نشوا فائونڈیشن کو رجسٹرڈ کرالیا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں قیصر علی نے معاملے کا پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ شروع سے ہمارے 3 مطالبات تھے،جن میں اسپتال کو سیل کرنا بھی شامل تھا، اسپتال سیل ہوا، جو بعد میں ہائیکورٹ کے حکم پر دوبارہ کھول دیا گیا۔

قیصر علی نے کہا کہ ہمارے دیگر 2 مطالبات میں اسپتال انتظامیہ کی گرفتاری اور انکوائری کمیشن بنانا تھے،ہم نے پولیس میں اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے اور ہمارا اب بھی مطالبہ ہے کہ ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیشن بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد کے والدین ہمارے آفس آکر روتے ہیں۔